پاکستان کے جھنڈے تلے آنے والوں سے بات ہوسکتی ہے،شیخ رشید


اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پاکستان کے جھنڈے تلے آنے والوں سے بات ہوسکتی ہے ،اپوزیشن پہلے ای وی ایم اورپھر الیکشن میں دھاندلی کا شور مچائے گی، اپوزیشن ووٹنگ مشین پر پھڈا ڈالے، حکومت تیار ہے، 80 حلقوں میں بیرون ملک پاکستانیوں کا ووٹ کلیدی کردار ادا کرسکتا ہے، اکثریت پی ٹی آئی کے ووٹرز کی ہے ۔

راولپنڈی میں زیر تعمیر مدر اینڈ چائلڈ اسپتال کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ 23 مارچ کو اسلام آباد میں پریڈ ہوتی ہے،23مارچ سے تین دن پہلے سڑکیں بند ہو جاتی ہیں، اپوزیشن سے تاریخ تبدیل کرنے کا کہا ہے، قانون کو ہاتھ میں نہیں لیں گے تو قانون اپوزیشن کو ہاتھ میں نہیں لے گا۔

انہوں نے کہا کہ اسپتال، نالہ لئی اور رنگ روڈ اسی حکومت میں مکمل ہوں گے، سوا 500ارب کا ماں بچہ اسپتال کا منصوبہ ہے، ماں بچہ اسپتال کا افتتاح 22 فرور ی کو کردینگے، ہمارے شہر کے منصوبوں کیلئے عمران خان کے مشکور ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ جو پاکستان کے جھنڈے تلے آئے، امن سے رہنے کی ذمہ داری لے اس سے بات ہوسکتی ہے۔

شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ہم ای پاسپورٹ کی جانب جارہے ہیں، ویزے پر تمام تر کرپشن ختم ہوگئی ہے، ہم سائبر ونگ کو طاقتور کرنے جارہے ہیں، پولیس میں 2 ہزار اور ایف آئی اے میں 9 ہزار بھرتیاں ہوں گی۔