آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023، ایک میچ سری نگر میں ہوسکتا ہے


نئی دہلی:بھارتی اخبار کے مطابق بھارتی حکومت  آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کا کم از کم ایک میچ سری نگر میں منعقد کرانے  کے لیے کوشاں ہے

یاد رہے 2023 کے ورلڈ کپ کی میزبانی انڈیا کرے گا ۔اگرچہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل  (آئی سی سی ) نے  ورلڈ کپ 2023کے حتمی شیڈول کا ابھی تک اعلان نہیں کیا ہے، تاہم اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ فائنل 26 نومبر کو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں دنیا کے سب سے بڑے کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔بھارتی اخبار کے مطابق 2023 کے ورلڈ کپ  ایونٹ کے آخری مرحلے کے دوران ہونے والا ایک میچ سری نگر میں ہو سکتا ہے۔

سری نگر کا شیر کشمیر اسٹیڈیم ماضی میں دو بار بین الاقوامی میچز کی میزبانی کر چکا ہے، ان میں سے آخری میچ 1986 میں بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان 9 ستمبر کو کھیلا گیا تھا۔واحد دوسرا میچ سری نگر میں 13 اکتوبر 1983 کو بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلا گیا تھا۔ ان دونوں میچز میں، ہندوستان جیت کا مزہ چکھنے میں ناکام رہا تھا ۔

واضح رہے کہ ون ڈے ورلڈ کپ 2023 آئی سی سی ایونٹ کا 13 واں ایڈیشن ہو گا۔آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ  اکتوبر-نومبر  2023میں کھیلا جائے گا۔ فائنل 26 نومبر 2023 کو کھیلا جائے گا۔اس ایونٹ میں دس ٹیموں کے درمیان کل 48 میچ کھیلے جائیں گے۔