صدر عارف علوی نے وفات شدہ اسٹیٹ لائف انشورنس پالیسی ہولڈرز کے خاندانوں کو انشورنس کی پوری رقم ادا کرنے کا حکم دے دیا


اسلام آباد(صباح نیوز)صدر عارف علوی نے وفاقی محتسب کے فیصلے کے خلاف اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کی 4 الگ الگ اپیلیں مسترد کر دیں۔وفاقی محتسب نے وفات  سٹیٹ لائف انشورنس پالیسی ہولڈرز کے خاندانوں کو انشورنس کی پوری رقم ادا کرنے کا حکم دیا تھا۔اسٹیٹ لائف نے  انشورنس پالیسی لیتے وقت بیماری چھپانے کی بنیاد پر رقم ادا کرنے سے انکار کردیا تھا۔

پالیسی ہولڈرز کے ورثا نے اسٹیٹ لائف کے اس فیصلے کے خلاف وفاقی محتسب سے رجوع کیا تھا۔وفاقی محتسب نے ناکافی ثبوتوں کی بنیاد پر بیماری چھپانے کا الزام مسترد کیا تھا۔

وفاقی محتسب کا کہنا تھا کہ بیماری کی موجودگی اور جان بوجھ کر چھپانے کا الزام ثابت کرنا اسٹیٹ لائف کی ذمے داری ہے،  اسٹیٹ لائف انشورنس پالیسی لینے سے پہلے بیماریوں کی موجودگی سے متعلق ثبوت یا تشخیصی رپورٹ پیش کرنے میں ناکام رہا،چنانچے  وفاقی محتسب نے اسٹیٹ لائف کو ہدائت کی تھی کہ  پالیسی ہولڈرز کے خاندانوں کو پوری رقم ادا کرے، اسٹیٹ لائف میڈیکل اور نان میڈیکل پالیسی کے اجرا کیلئے صحت سے متعلق دعووں کی تصدیق کے عمل پر نظر ثانی کرے، ۔

صدر عارف علوی نے کہا کہ  اسٹیٹ لائف کی جانب سے پیش کردہ تمام دستاویزات بعد از انشورنس بیماریوں سے متعلق ہیں، حقائق کی روشنی میں اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن بد انتظامی کی مرتکب ہوئی،محتسب کے فیصلے کے خلاف اسٹیٹ لائف کی درخواست مسترد کی جاتی ہے،  صدر عارف علوی نے  نے حکم دیا کہ  30دن میں فیصلے پر عمل درآمد کی رپورٹ پیش کی جائے،