مہنگائی، بے روزگاری نے محنت کشوں کو دیوار سے لگا دیا،محمد حسین محنتی


کراچی (صباح نیوز) جماعت اسلامی سندھ کے امیر اور سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ محنت کشوں کو ٹھیکیداری اور سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف پوری قوت کے ساتھ کام کرنا ہوگا،ٹھیکہ داری نظام نے ٹریڈ یونین کو ختم کر دیا ہے۔کمرتوڑمہنگائی وبے روزگاری نے محنت کشوں کو دیوار سے لگا دیا ہے ،محنت کشوں کیلئے ہر آنے والا دن ایک عذاب سے کم نہیں ہے۔ٹھیکہ داری نظام نے ٹریڈ یونین کو ختم کر دیا ہے۔سرمایہ دارانہ نظام اور ٹھیکہ دارانہ نظام کے خلاف محنت کشوں کو پوری قوت کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔

یہ بات انہوں نے قبا آڈیٹوریم میں نیشنل لیبر فیڈریشن سندھ کے جنرل سیکریٹری محمد عمر شر اور این ایل ایف سندھ کے سینئر نائب صدر محمد قاسم جمال سے خصوصی ملاقات کے دوران کہی،صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی ساتھ موجود تھے ۔صوبائی امیر نے کہا کہ سندھ میں ٹھیکہ داری نظام کا پیداواری شعبہ میں مکمل پابندی ہے لیکن اس کے باوجود 80فیصد کارخانوں اور فیکٹریوں میں ٹھیکہ داری کا ظالمانہ نظام مسلط ہے جو کہ محنت کشوں کا استحصال کر رہا ہے۔جماعت اسلامی روز اول سے ٹھیکیداری نظام کے خلاف ہے اور اساس ظالمانہ نظام کے خلاف ہم ہر سطح پر احتجاج کرینگے۔

انھوں نے کہا کہ نیشنل لیبر فیڈریشن ایک نظریاتی مزدور تحریک ہے اور اس کا ایک شاندار ماضی ہے ہمیں این ایل ایف سے بڑی توقعات وابستہ ہے اور ہم اس ملک سے ظالمانہ اور جابرانہ نظام کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ کوئی بھی ملک محنت کشوں کی خوشحالی کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا،محنت کش ایک بڑی قوت اور طاقت ہیں۔ دنیا میں بڑے بڑے انقلاب محنت کش طبقہ ہی لایا۔جماعت اسلامی محنت کشوں کی پشت بان ہے اور ہم محنت کشوں کی طاقت اور قوت کے ذریعے پاکستان میں حقیقی تبدیلی لائے گے۔اسلام کا عادلانہ نظام ہی محنت کشوں کے حقوق کا ضامن ہے۔

این ایل ایف سندھ کے جنرل سیکریٹری محمد عمر شر اور سینئرنائب صدر محمد قاسم جمال نے محمدحسین محنتی کو سندھ کے محنت کشوں کے مسائل اور مشکلات سے آگاہ کیا۔این ایل ایف سندھ کے جنرل سیکریٹری محمد عمر شرنے محمد حسین محنتی کو دعوت دی کہ وہ اندرون سندھ ضلع ڈھرکی کے صنعتی علاقوں کا دورہ کریں۔اندرون سندھ کامحنت کش ظلم کی چکی میں پس رہا ہے اور محنت کشوں کے ادارے سرمایہ داروں کے محافظ کا کردار ادا کررہے ہیں۔قاسم جمال نے آگاہ کیا کہ محکمہ محنت کرپشن کا گڑھ بنا ہوا ہے اور محنت کشوں کا استحصال کیا جا رہا ہے۔