اسرائیلی جارحیت، غزہ میں مزید62 فلسطینی شہید

غزہ (صباح نیوز)غزہ پر مسلسل اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں مزید62  فلسطینی شہید ہو گئے ہیں ۔ غزہ میں فلسطینی  وزارت صحت کے مطابق  غزہ  میں 467 ویں دن  بھی اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ جاری رہا۔ اسرائیلی قابض افواج نے غزہ میں 6 جگہوں پر قتل عام کیا، جس کے نتیجے میںگزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 62 شہدا اور 253 زخمی اسپتالوں میں پہنچے۔

اب بھی کئی شہدا ملبے تلے دبے ہوئے ہیں اور سڑکوں پر موجود ہیں، جن تک ایمبولینس اور سول ڈیفنس کی ٹیمیں پہنچنے سے قاصر ہیں۔ 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں شہدا کی مجموعی تعداد 46,707 تک پہنچ گئی، جب کہ زخمیوں کی تعداد 110,265 ہو چکی ہے۔