بھارت نے کشمیریوں کے تمام حقوق سلب کر رکھے ہیں،ڈاکٹر فائی


واشنگٹن : ورلڈ فورم فار پیس اینڈ جسٹس کے چیئرمین ڈاکٹر غلام نبی فائی نے کہا ہے کہ بھارت جموں وکشمیر کے بارے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر اس لیے عملدرآمد نہیں کر رہا کیونکہ وہ جانتا ہے کہ کشمیری کبھی بھی اس کے حق میں ووٹ نہیں دیں گے۔  وقت آگیا ہے کہ نئی دہلی اور اسلام آباد کے درمیان کشیدگی کی بنیادی وجہ تنازعہ کشمیر کو حل کیا جائے

ڈاکٹر غلام نبی فائی نے ایک بیان میں کہا کہ ستم ظریفی یہ ہے کہ بائیڈن انتظامیہ بھی بھارت کو سلامتی کونسل کا رکن بنانا چاہے گی جس کی قراردادوں کی وہ مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں کے تمام حقوق سلب کر رکھے ہیں اور نو لاکھ بھارتی فوجیوں نے مقبوضہ علاقے میں قتل و غارت کا بازار گرم کر رکھا ہے۔

انہوں نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کی رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں خواتین اور بچے بھی بھارتی ریاستی دہشت گردی کا بڑے پیمانے پر شکار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ بھارت کو کشمیریوں قتل عام سے روکے اور تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے اس پر دبائو ڈالے۔انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ نئی دہلی اور اسلام آباد کے درمیان کشیدگی کی بنیادی وجہ تنازعہ کشمیر کو حل کیا جائے ۔