فیض آباد دھرنا  اورمخصوص نشستوں کے حولالے  کیسز کی سماعت  کل ہو گی


اسلام آباد(صباح نیوز)سپریم کورٹ آف پاکستان میں کل فیض آباد دھرنا نظرثانی کیس اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے قومی اسمبلی  اور خیبرپختونخوا اسمبلی کی مخصوص نشستیں الاٹ نہ کرنے کے خلاف سنی اتحاد کونسل اور اسپیکر خیبرپختونخوااسمبلی کی جانب سے دائر درخواستوں پر سماعت ہوگی۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس عرفان سعادت خان اور جسٹس نعیم اخترافغان پر مشتمل 3رکنی بینچ کل (سوموار)کے روز فیض آباد دھرنا کیس کے حوالہ سے دائر نظر ثانی درخواستوں پر سماعت کرے گا۔ اٹارنی جنرل منصورعثمان اعوان ،تین رکنی فیض آباد دھرنا کمیشن کی رپورٹ بینچ کے سامنے پیش کریں گے۔ سماعت کے حوالہ سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو بھی نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ جبکہ جسٹس سید منصورعلی شاہ کی سربراہی میں جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل 3رکنی بینچ  کل (سوموار)کے روز سنی اتحاد کونسل اور اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی کی جانب سے الیکشن کمیشن کی جانب سے قومی اور خیبرپختونخوااسمبلیوں میں مخصوص نشستیں الاٹ نہ کرنے کے معاملہ پردائر9درخواستوں پر سماعت کرے گا۔درخواستوں میں سیکرٹری الیکشن کمیشن کے توسط سے الیکشن کمیشن آف پاکستان اوردیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

دوسری جانب چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس سید منصورعلی شاہ، جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس اطہر من اللہ، جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس نعیم اخترافغان پر مشتمل 6رکنی لارجر بینچ 7مئی منگل کے روز اسلام آباد کے 6ججز کی جانب سے سپریم جوڈیشل کونسل کو لکھے گئے خط کی روشنی میں لئے گئے ازخود نوٹس سمیت دائر15درخواستوں پر سماعت کرے گا۔ کیس کی سماعت دن ساڑھے 11بجے ہو گی جو کہ سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر براہ راست دکھائی جائے گی۔ اٹارنی جنرل آف پاکستان منصورعثمان اعوان وفاقی حکومت کی جانب سے جواب جمع کروائیں گے جبکہ عدالت نے حکم دیا تھا کہ اگر کوئی انٹیلجینس ایجنسی جواب جمع کرواتی ہے توہ بھی اٹارنی جنرل کے ذریعے جمع کروائے گی۔ جبکہ عدالت نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن آف پاکستان، پاکستان بار کونسل اوردیگر درخواست گزاروں کو ہدایت کی تھی کہ وہ بھی اپنا جواب 6مئی تک جمع کروادیں تاکہ ججز 7مئی کی سماعت سے قبل اسے پڑھ سکیں۔