جو مقدمہ درج ہوا اس پر فخر، نیلسن منڈیلا پر بھی یہی مقدمہ تھا،فواد چوہدری


لاہور(صباح نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہاہے میری عدالت پیشی پر اتنی پولیس لگا دی کہ جیسے میں کوئی جیمز بانڈ ہوں، جو مقدمہ درج ہوا ہے اس پر فخر ہے، نیلسن منڈیلا پر بھی یہی مقدمہ تھا۔رات دیر گئے۔

لاہور سے گرفتار ہونے والے پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کو پولیس نے راہداری ریمانڈ کے لیے کینٹ کچہری پیش کیا جبکہ فواد چوہدری کے وکلاء کی جانب سے راہداری ریمانڈ کی مخالفت کی گئی۔

عدالت پیشی کے موقع پر فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میری پیشی پر پولیس ایسی لگائی ہے کہ جیسے میں کوئی جیمز بانڈ ہوں، جس طرح گرفتار کیا گیا وہ مناسب نہیں تھا، مجھے یہ فون کرتے میں خود ہی آجاتا۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا میں تو کہتا ہوں کہ 22 کروڑ عوام پر مقدمات بنا دیں، مجھے گرفتار کرنے والوں کو شرمندگی ہو گی، پولیس بتائے مجھے کس جرم میں گرفتار کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا جو مقدمہ درج ہوا ہے اس پر فخر ہے، نیلسن منڈیلا پر بھی یہی مقدمہ تھا، کہا جا رہا ہے میں نے بغاوت کی، میں سابق وفاقی وزیر اور سپریم کورٹ کا وکیل ہوں، مجھے عزت و احترام کے ساتھ ٹریٹ کیا جائے۔