اسلام آباد (صباح نیوز)جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ کشمیری 74سالوں سے پاکستان کی تکمیل بقاء اور سلامتی کی جنگ لڑرہے ہیں وہ ریاست جموں وکشمیر کے حصے کسی کو بخرے کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ،او آئی سی کے وزراء خارجہ کے اجلاس کے ایجنڈے میں کشمیر کو شامل کیا جائے ،صدر ریاست اور وزیر اعظم آزادکشمیر آئین کے مغائر اقدامات سے گریز کریں غیر ریاستی افراد کو آزادکشمیر میں ملازمتیں فی الفور منسوخ کی جائیں آزادکشمیر کے پڑھے لکھے نوجوانوں کے حق کو کسی کو ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے
ان خیالات کااظہار انہوں نے اراکین جنرل کونسل کے 74ویں سالانہ اجلاس سے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر حبیب الرحمان عاصم،سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی محمدتنویر انور خان سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا
اراکین جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاکہ جماعت اسلامی وحدت کشمیر کی علمبردار ہے ریاست کے حصے بخرے کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے انتخابات کے نتائج اور کٹھ پتلوں کے بل بوتے پر ریاست کے تشخص پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے اگر کسی کے ذہن میں کوئی ایسی بات چل رہی ہے تو اس خام خیالی کو نکال دے تقسیم کشمیر کی جس نے بھی سازش کی وہ عبرت کا نشان بنا شہداء کے مقدس خون کے صدقے کشمیری آزادی حاصل کریں گے کشمیریوں نے آزادی کے لیے 5لاکھ قربانیاں پیش کی ہیں وہ آزادی سے کم کوئی حل قبول نہیں کریں گے
انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کو ریاست پاکستان سے کوئی گلہ نہیں ہمارا گلہ حکمرانوں سے ہے پاکستان کے عوام نے ہمیشہ کشمیریوں کی پشتیبانی کا حق ادا کیا انہوں نے کہاکہ بیس کیمپ کی مسلمہ قیادت ،حریت کانفرنس سے مشاورت کے ساتھ متفقہ لائحہ عمل بنایا جائے اور بین الاقوامی سطح پر کشمیریوں کو اپنا مقدمہ پیش کرنے کا موقع فراہم کیا جائے انہوں نے کہاکہ نریندرمودی نے 5اگست 2019ء کو ریاست جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کر کے کشمیریوں کی شناخت ختم کردی گزشتہ 860دنوں سے کشمیری لاک ڈاؤن میں مشکلات سے دوچار ہیں ،بین الاقوامی برادری نے کل ہی انسانی حقوق کا دن منایا لیکن مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں کی جارہی ہیں ،عفت ماب مائیں بہنیں ،پیرو جوانوں پر انسانیت سوز مظالم ڈھائے جارہے ہیں
انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی قبیلائی،علاقائی عصبیت سے بالا تر ہو کر دین کے غلبے کی جدوجہد کررہی ہے 20سال کے بعد آزادکشمیر کے عام انتخابات میں اپنے جھنڈے ،منشور اور انتخابی نشان کے ساتھ میدان میں اتری گلگت بلتستان میں بھی جماعت اسلامی نے شاندار کارکردگی پیش کی خدمت، تعلیم اور صحت کے میدان میں جماعت اسلامی کی جو خدمات ہیں وہ کسی دوسری سیاسی جماعت کی نہیں ہیں جماعت اسلامی کے کارکنان نئے عزم کے ساتھ میدان میں اتریں دعوت الی اللہ خدمت خلق کے جذبے کے ساتھ عوام کی خدمت کریں ۔