اسلام آباد(صباح نیوز)سپریم کورٹ آف پاکستان نے سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کیس کے فیصلے پر عملدرآمد کے حوالہ سے حکومت کو پیش رفت رپورٹ جمع کروانے کے لئے مزید تین ہفتے کا وقت دے دیا۔
سپریم کورٹ نے آخری سماعت پر وزیر اعظم عمران خان کو طلب کرکے انہیں ہدایت کی تھی کہ وہ اپنے دستخط کے ساتھ10دسمبر تک پیش رفت رپورٹ عدالت میں جمع کروائیں۔ تاہم گذشتہ روز اٹارنی جنرل بیرسٹر خالد جاوید خان نے عدالت میں درخواست دائر کرتے ہوئے استدعا کی تھی کہ رپورٹ جمع کروانے کے لئے مزید وقت دیا جائے۔
اٹارنی جنرل نے درخواست میں کہا تھا کہ وزیر اعظم کی جانب سے ایک کمیٹی بنائی گئی ہے جو سانحہ اے پی ایس کے لواحقین کو مطمئن کرنے کی کوشش کرے گی۔
درخواست میں مزیداستدعا کی گئی تھی کہ 16دسمبر کو سانحہ اے پی ایس کی برسی ہے اور وزیر اعظم عمران خان خود لواحقین سے بھی ملیں گے اوران کی دادرسی کی کوشش کریں گے اس کے بعد ہی سپریم کورٹ میں حکومت کی جانب سے جواب جمع کروایا جاسکتا ہے۔
سپریم کورٹ کی جانب سے حکومت کو جواب جمع کروانے کے لئے تین ہفتے کا وقت دے دیا گیا ہے۔ تین ہفتے بعد وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے دستخط شدہ رپورٹ عدالت میں جمع کروائی جائے گی۔