عوام موجودہ حکمرانوں سے جان چھڑا کرجماعت اسلامی کی دیانتدارقیادت کواقتدارسونپیں ،ڈاکٹرطارق سلیم


راولپنڈی (صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی پنجا ب ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاہے کہ تحریک انصاف سمیت ملک کے اندراداروں کا آپس میں ٹکرائو توختم نہ ہوسکا البتہ عمران خان امریکہ اور چائناکے درمیان کشیدگی کم کروانے کے خواہشمند ضرور ہیں،پنجاب کے بلدیاتی الیکشن کا بل بلیک میلنگ کاشکارعوام کے ریلیف کی بجائے اتحادی اپنے مفادات کومدنظررکھ کرقانون سازی کررہے ہیں ، تاخیری حربوں کی وجہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی بدترین اورتباہ کن کارکردگی بھی ہے، عوام باربارآزمائے ہوئے ن لیگ ،پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف کے سیاستدانوں کی بجائے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں تاکہ دیانتدارقیادت عوامی مسائل کے حل میں اپنا کرداراداکرسکے۔

عوامی اجتماعات اورمختلف سیاسی شخصیات سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے صوبائی امیرنے کہاکہ حکومت بلوچستان اوربالخصوص گوادرکے عوام کے مسائل حل کرنے کی بجائے وہاں کی تحریک کوپرتشدد بناناچاہتی ہے جس کے انتہائی بھیانک نتائج برآمد ہوں گے ،گوادراوربلوچ عوام کے حقوق کی جنگ لڑنے والے قائدمولانا ہدایت الرحمن کے خلاف جھوٹی ایف آئی آراورپولیس گردی سے معاملات کشیدگی کی جانب جائیں گے جوکسی طورپربھی پاکستان اوربلوچ عوام کے مفاد میں نہیں ،وفاق،بلوچستان حکومت اورریاستی ادارے ہوش کے ناخن لیں اورعوام کوبلڈوزکرنے کی بجائے بلوچ عوام کوان کے حقوق دے کرمسائل کا خاتمہ کریں ۔