سری نگر:مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیر اعلی اور نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ ہم اپنا حق مانگتے ہیں، ہم کسی اور ریاست کا حق نہیں مانگتے، ہم وہ مانگتے ہیں جو ہم سے جبری طور پر چھینا گیا، میں نئی دلی کو خبردار کرتا ہوں کہ آتش فشاں تیار ہورہا ہے، اس سے پہلے کہ یہ آتش فشاں ہم سب کو لے ڈوبے جموں و کشمیر کے عوام کیساتھ انصاف کیا جائے۔
پارٹی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ آئین ہر کسی کی آزادی اور حقوق کی ضمانت دیتا ہے اور ہم اپنے حقوق کی بحالی چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو ہر طبقہ کے لوگوں کیساتھ انصاف کرنا چاہئے اور تمام پسماندہ اور پچھڑے ہوئے طبقوں کی زندگی کا معیار بہتر بنانے کیلئے اقدامات کرنے چاہئیں۔
انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ آپسی جھگڑوں کو چھوڑ کر سازشوں کا مل جھل کر مقابلہ کریں اسی میں آپ کی کامیابی اور کامرانی کا راز مضمر ہے۔ انہوں نے پسماندہ طبقوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں پر زور دیا کہ وہ امتیازی سلوک، غربت ، نفرتوں اور اونچ نیچ کیخلاف مل کر لڑیں۔
بی جے پی کا نام لیے بغیر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے سیاسی مقاصد کو آگے بڑھانے کے لیے مذہبی کارڈ کھیلنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی انتخابات قریب آتے ہیں تو مذہب کو ہمیشہ خطرے میں دیکھتے ہیں۔ ڈاکٹر عبداللہ نے کمیونٹی کو متحد ہونے اور انتخابات کے دوران دانشمندانہ فیصلے کرنے کی تلقین کی تاکہ ان کے منتخب عوامی نمائندے ان کی سماجی، اقتصادی اور سیاسی آزادی میں مطلوبہ تبدیلی لا سکیں۔