اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان اوریورپی یونین نے ماحول دوست توانائی اورجامع اقتصادی نمو کیلئے 87 ملین یوروکے تین معاہدوں پردستخط کردئیے۔وزارت اقتصادی امورکی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزارت اقتصادی امورکے سیکرٹری ڈاکٹرکاظم نیاز اورپاکستان میں یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹررائنا کیونکا نے معاہدوں پردستخط کئے۔معاہدوں کے تحت خیبرپختونخوا،گلگت بلتستان اوربلوچستان میں زراعت کی ویلیوچین کی ترقی، ماحول دوست توانائی اورہنرمندافرادی قوت کوفروغ دیا جائیگا۔تینوں منصوبے سیلاب کے بعد تعمیرنواوربحالی کے منصوبوں میں یورپی یونین کی جانب سے پاکستان کی معاونت کاحصہ ہیں۔
ڈاکٹرکاظم نیازنے اس موقع پرکہاکہ یورپی یونین پاکستان کاقابل اعتماد اورگراں قدر ترقیاتی شراکت دارہے،پاکستان کی سماجی اوراقتصادی ترقی میں یورپی یونین اہم کردار اداکررہی ہے۔انہوں نے کہاکہ ان منصوبوں سے زراعت کی ویلیوچین کی ترقی، ماحول دوست توانائی اورہنرمندافرادی قوت کوفروغ دینے کی پاکستان کی کوششوں کوتقویت ملے گی۔انہوں نے امیدظاہرکی کی منصوبوں سے ملک کے سماجی اوراقتصادی اشاریوں کوبہتربنانے میں مدد ملے گی۔
یورپی یونین کی سفیرنے کہاکہ پاکستان اپنی نوجوان آبادی اورقدرتی وسائل کی وجہ سے وسیع استعداد کاحامل ملک ہے۔انہوں نے کہاکہ ان منصوبوں سے زراعت کے ویلیوچین کوترقی دینے، ماحول دوست توانائی اورنوجوانوں کوروزگارکے مواقع فراہم کرنے میں آسانی ہوگی۔انہوں نے مزیدکہاکہ ان منصوبوں سے سیلاب کے بعد پاکستان میں تعمیرنواوربحالی کی کوششوں میں بھی مدد ملے گی ۔۔۔