اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے حکومت اور آئی ٹی انڈسٹری کے درمیان ہم آہنگی کے فروغ اور آئی ٹی انڈسٹری کے مسائل کے حل کے لیے ایک اسٹینڈنگ کمیٹی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے آئی ٹی انڈسٹری کے مسائل کے فوری حل کی یقین دہانی کرائی۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو اس حوالے سے موثر اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آئی ٹی انڈسٹری کو اپنی برآمدی آمدن پاکستان لانے کی ترغیب پاکستان کے پاس انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں بہت زیادہ استعداد ہے جس کا بھرپور فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آئی ٹی کے شعبے کے فروغ کے حوالے سے ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے حکومت اور آئی ٹی انڈسٹری کے درمیان ہم آہنگی کے فروغ اور آئی ٹی انڈسٹری کے مسائل کے حل کے لیے ایک اسٹینڈنگ کمیٹی بنانے کی ہدایت کی جس میں آئی ٹی انڈسٹری کے نمائندگان، اسٹیٹ بینک آف پاکستان، وفاقی وزارت خزانہ و محصولات، وفاقی وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان شامل ہونگے۔
اجلاس کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے پاس انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں بہت زیادہ استعداد ہے جس کا بھرپور فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی اینٹرپرنیورز(entreprenuers) نے آئی ٹی سیکٹر کے فروغ اور ترقی میں انتہائی اہم کردار ادا کیا ہے، پاکستان کی آئی ٹی سیکٹرز کی برآمدات پاکستان میں آئی ٹی سیکٹر کے ٹیلنٹ اور استعداد کے مقابلے کافی کم ہیں۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ آئی ٹی برآمدات کو اگلے تین سالوں میں 2.6 بلین امریکی ڈالرز سے 15 بلین امریکی ڈالرز تک بڑھانے کے لئے عملی اقدامات ترجیحی بنیادوں پر کیے جائیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ایسے ایکسپورٹرز جنہوں نے آئی ٹی ایکسپورٹس میں خاطر خواہ اضافے کے لیے کردار ادا کیا، انھیں حکومتی سطح پر سراہا جائے گا۔ آئی ٹی انڈسٹری کے نمائندگان نے اجلاس کو اپنے آپریشنل مسائل سے آگاہ کیا اور ان مسائل کے حل کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کیں۔
وزیراعظم نے آئی ٹی انڈسٹری کو اپنی برآمدی آمدن پاکستان لانے کی ترغیب دیتے ہوئے آئی ٹی انڈسٹری کے مسائل کے فوری حل کی یقین دہانی کرائی اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور دیگر متعلقہ حکام کو اس حوالے سے موثر اقدامات کی ہدایت جاری کی۔ اعلامیہ کے مطابق آئی ٹی انڈسٹری کے نمائندگان نے یقین دہانی کرائی کہ آئی ٹی انڈسٹری ملک کی معیشت میں اپنا کردار ادا کرنے کے لئے حکومت کے ساتھ کھڑی ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ملک میں آئی ٹی پروفیشنلز کی تعداد 6 لاکھ سے بڑھا کر 15 لاکھ کرنے کے لئے ہائر ایجوکیشن کمیشن، جامعات اور تربیتی ادارے ترجیحی بنیادوں پر کام کریں۔ .وزیراعظم نے آئی ٹی نصاب کو آئی ٹی انڈسٹری کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنے کی ہدایت دی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام امین الحق، مشیر وزیراعظم احد چیمہ، وزیراعظم کے معاونین خصوصی طارق باجوہ، جہانزیب خان، سید فہد حسین ، شزا فاطمہ اور اعلی سرکاری افسران اور پاکستان کے آئی ٹی انڈسٹری کے نمائندگان نے شرکت کی۔