َّاسلام آباد(صباح نیوز)مشیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ حکومت ملک بھر میں اشیائے ضروریہ کی رسد یقینی بنانے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کررہی ہے۔بدھ کو اسلام آباد میں قیمتوں کی نگرانی کرنے والی قومی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے وزارت صنعت و پیداوار پر زور دیا کہ وہ پام اور سویابین تیل کی درآمد کے لئے متبادل طریقے اپنائے تاکہ مقامی مارکیٹ میں خوردنی تیل کی قیمتوں کو کنٹرول میں رکھاجاسکے۔انہوں نے پنجاب’ خیبرپختونخوا’ بلوچستان اور اسلام آباد کے سستے بازاروں میں اشیا کی قیمتوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ عوام کو زیاد ہ سے زیادہ ریلیف دینے کے لئے اس طرح کے بازار مزید شہروں میں بھی قائم کیے جائیں۔
سیکرٹری خزانہ نے کمیٹی کو ہفتہ وار قیمتوں کے تعین کے بارے میں بتایا جو کہ صفر اعشاریہ چارآٹھ فیصد کم ہوگئی ہے۔صوبائی چیف سیکرٹریز نے اجلاس کو بتایاکہ نگرانی کا ایک موثر نظام تشکیل دیا جاچکا ہے تاکہ جاری ہونے والی گندم کی آٹے کی صورت میں مارکیٹ میں دستیابی یقینی بنائی جاسکے۔
شوکت ترین نے ایک موثر نظام کی تجویز دی جو صوبہ سندھ میں گندم کی قیمتوں پر نظر رکھ سکے اور سرکاری نرخ پر اس کی دستیابی کو یقینی بناسکے۔سیکرٹری خزانہ نے کمیٹی کو بتایا کہ حکومت کے موثر اقدامات کی بدولت ملک میں چینی اور کھادوں کی قیمتوں میں کمی آئی ہے