لاہورہائیکورٹ،سموگ تدارک کیس،محکمہ قانون کے افسران کی آئندہ سماعت پر طلبی


لاہور(صباح نیوز) سموگ کے تدارک سے متعلق کیس میں لاہورہائیکورٹ نے محکمہ قانون کے افسران کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔

لاہورہائیکورٹ میں سموگ کے تدارک کے لئے جسٹس شاہد کریم نے شہری فاروق سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی۔ عدالتی حکم پر ڈی جی پی ڈی ایم عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

عدالتِ عالیہ نے آلودہ دھواں چھوڑنے والی فیکٹریوں کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کے لئے ٹیمیں تشکیل دینے کی مہلت دے دی۔لاہورہائی کورٹ نے ڈی جی پی ڈی ایم کی استدعا پر رضاکاروں کی ٹیمیں تشکیل دینے کی مہلت منظور کرتے ہوئے عدالت نے وراننگ کے باوجود دھواں چھوڑنے والی فیکٹریوں اور اینٹوں کے بھٹے گرانے کے اختیارات انسپکٹر کو دینے پر تحفظات کا اظہار کردیا۔

عدالت نے لیگل ڈرافٹ کو مسترد کرتے ہوئے محکمہ قانون کے افسران کو آئندہ سماعت پر طلب بھی کرلیا۔ لاہورہائی کورٹ نے ریمارکس دئیے کہ رات کو لاہور کی مختلف سٹرکوں پر بری طرح ٹریفک جام تھا۔ ٹریفک جام ہونے سے شہریوں کی مشکلات بہت تھی۔ گاڑیوں کی آلودگی کے باعث سموگ میں اضافہ ہوتا ہے۔

عدالتِ عالیہ نے دوران ڈیوٹی ٹریفک وارڈن کی گروپس میں کھڑا ہو کر باتیں کرنے پر اظہار ناراضی کیا اور کہا کہ ٹریفک وارڈنز کے سامنے سے ٹریفک قوانین کی خلاف وزری ہورہی ہے۔