کراچی(صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی سندھ وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے سندھ میں بلدیاتی انتخابات کو مذاق بنادیا ہے، 03مرتبہ پہلے ملتوی کرنے کے بعد اگر اب چوتھی بار بھی کراچی میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کردیئے گئے تو پھر الیکشن کمیشن کو ختم کردیا جائے کیونکہ آئین اور عدالتی حکم کے باوجود الیکشن کمیشن انتخابات نہیں کرواسکتا تو پھر اس کے باقی رہنے کا کوئی جواز نہیں بنتا،
انہوں نے ایک بیان میں مزید کہا کہ جمہوریت کی دعویدار پیپلزپارٹی کی حکومت کی جانب سے کراچی میں مسلسل حیلوں بہانوں کے ذریعے بلدیاتی الیکشن سے راہ فرار اختیار کرنا عوامی حقوق پر ڈاکہ زنی ہے، حکومت بلدیاتی انتخابات کرانے میں سنجیدہ نہیں ہے۔ الیکشن کمیشن کیلئے بلدیاتی انتخابات بروقت اور صاف شفاف ممکن نہیں تو پھر عام انتخابات بروقت وصاف شفاف کرانے میں کیسے کامیاب ہوسکتا ہے،فرسودہ نظام کا حصہ تمام ادارے غیروں کی گلامی سے لیکر عوام کے حقوق غضب کرنے میں برابر کے شریک ہیں۔صوبائی امیر نے زور دیا کہ آئین وقانون کے مطابق سندھ میں بروقت بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں۔