چوہدری پرویزالٰہی عمران خان کے کہنے کے باوجودبھی اسمبلی نہیں توڑیں گے، اعتمادکے ووٹ میں وزیراعلیٰ نہیں رہیں گے ، راناثنااللہ خان


فیصل آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیرداخلہ راناثنااللہ خان نے کہاہے کہ چوہدری پرویزالٰہی عمران خان کے کہنے کے باوجودبھی اسمبلی نہیں توڑیں گے تاہم اعتمادکے ووٹ میں وزیراعلیٰ نہیں رہیں گے کیونکہ ق لیگ سمیت پی ٹی آئی کے درجنوں ارکان مخالف ہوچکے ہیں۔اُنہیں یقین ہے کہ اعلیٰ عدلیہ ہائی کورٹ کے فیصلے پرنظرثانی کرے گی۔اُن کاکہناتھاکہ عمران خان کابہت جلدتوشہ خانہ میں سیاسی خانہ خراب ہوگا۔ وہ پونے چارسالہ حکومتی اوراپوزیشن کردارمیں بے نقاب ہوچکے ہیں عوام میں اُن کی مرحلہ وارحیثیت ختم ہورہی ہے۔وہ ہمارے خلاف قائم کئے گئے مقدمات ختم ہونے کی وجہ سے زیادہ پریشان ہیں۔عام انتخابات میں اُن کی جماعت تیسرے درجے کی جماعت ثابت ہوگی۔میاں نوازشریف عام انتخابات سے قبل آنے والے اورجھوٹے بے بنیادمقدمات میں سرخروبھی ہونے والے ہیں۔

”صباح نیوز”سے گفتگوکرتے ہوئے اُنہوں نے کہاکہ ذہنی طورپرمفلوج اورسیاسی شعورسے عاری فتنہ آئین اورجمہوریت کی بجائے اسٹیبلشمنٹ سے مددچاہتاہے مگرالیکشن وقت سے قبل نہیں ہوں گے اُنہیں اکتوبر2023تک سڑکوں پرگھومناپڑے گا۔اُنہوں نے کہاکہ ڈینٹل ڈاکٹراپنے ہی بیان کی تردیدکررہے ہیں پوری قوم اورہرطبقہ جانتاہے کہ عمران خان اقتدارمیں کیسے اورکہاں سے آئے۔اب اُن کاکوئی سہولت کارنہیں وہ سیاسی طورپرناکارہوچکے ہیں۔

اُنہوں نے کہاکہ عمران خان آنے والی آڈیواورویڈیو پر اعتراض کررہاہے مگرتردیدنہیں اگرآڈیوغلط ہے تووہ قانونی کارروائی کرے۔عام انتخابات کے لئے ہم عوامی میدان میں آچکے ہیں کل فیصل آبادمیں سخت ترین سردی کے باوجودشہرکے چاروں اطراف سے ہزاروں کی تعدادمیں لوگ کنونشن میں پہنچے اب عوام سے رابطہ رہے گا۔عمران خان کوقانونی میدان میں بھی اورعوامی میدان میں بھی شکست دیں گے۔