اسلام آباد بلدیہ سے بھاگنے والے ملک میں خاک الیکشن کروائیں گے،شیخ رشید


راولپنڈی(صباح نیوز)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اوروفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ اسلام آباد بلدیہ سے بھاگنے والے ملک میں خاک الیکشن کروائیں گے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ 6ارب سے کچھ زائد زرمبادلہ، آئی ایم ایف کی چھتری بھی نہیں، دہشت گردی کی لہر، آٹے کے ڈبل ریٹ پر بھی سناٹا، اللہ رحم کرے۔انہوں نے کہا کہ دوائیوں کی قلت، خام مال نایاب، ٹیکسٹائل بند، کیا یہ ہے تبدیلی؟، اسلام آباد بلدیہ سے بھاگنے والے ملک میں خاک الیکشن کروائیں گے۔

شیخ رشید نے کہا کہ جوان دفاع وطن پر جانیں نچھاور کررہے ہیں اور حکمران آنکھ مچولی کھیل رہے ہیں، ہائی کورٹ نے جب سے توشہ خانہ کی تفصیلات مانگی ہیں، حکومت توشہ خانہ کیس سے بھاگ گئی۔ سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ سیاست معیشت دونوں تباہ ہیں، الیکشن اپریل مئی میں نہ ہوئے تو حالات مزید خراب ہوجائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سارے ہتھکنڈے عمران خان کا راستہ روکنے کے لیے ہیں، غریب پر سخت سردی میں لنڈا بازار کے دروازے بند اور کفن دفن کے پیسے بھی نہیں ہیں۔