پنجاب میں دھند، موٹرویز بند،ملتان ائیرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل


لاہور (صباح نیوز)پنجاب بھر میں شدید دھند کے باعث موٹرویز اور دیگر اہم شاہراں کو بند جبکہ ملتان ائیر پورٹ پر فلائٹ آپریشن کو معطل کر دیا گیا ۔

ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق موٹر وے ایم ٹو لاہور سے کوٹ مومن جبکہ لاہور ملتان موٹر وے فیض پور سے درخانہ تک شدید دھند کے باعث بند کردی گئی ۔ترجمان موٹر ویز نے بتایا کہ موٹر وے ایم 4کو پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم جبکہ موٹر وے ایم 5کو شیر شاہ سے ترنڈہ محمد پناہ تک بند کیا گیا۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق جی ٹی روڈز پر بھی حد نگاہ انتہائی کم ہونے کے باعث ٹریفک روانی متاثررہی ۔ترجمان کا کہنا تھا کہ موٹرویز کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر یقینی بنانے کے لیے بند کیا جاتا ہے، روڈ یوزرز گاڑی کے آگے اور پیچھے دھند والی لائٹس کا استعمال کر یں۔

انہوں نے کہا کہ شہری غیر ضروری سفر اور تیز رفتاری سے پرہیز کر یں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں ،روڈ یوزرز معلومات اور مدد کے لیے ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کریں۔دوسری جانب ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دھند کے باعث فلائٹ آپریشن معطل کر دیا گیا ہے جس کے باعث کراچی سے آنے اور جانے والی دو پروازیں منسوخ ہو گئی ہیں۔ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ دبئی اور شارجہ جانے والی دو پروازیں بھی تاخیر کا شکار ہوئی ہیں۔