اعتماد کا ووٹ ،وزیراعلیٰ پنجاب کا حسنین دریشک کا استعفی منظور کرنے سے انکار، بیٹے مونس جیسا قرار دیدیا


لاہور(صباح نیوز)وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے اعتماد کا ووٹ لینے کے لئے حسنین بہادر دریشک کا استعفی منظور کرنے سے انکار کرتے ہوئے بیٹے مونس جیسا قرار دیدیا۔

حسنین بہادر دریشک نے چند روز قبل ایک اجلاس میں وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی سے تلخ کلامی کے بعد انہیں اپنا استعفیٰ بھجوا دیا تھا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلی نے اجازت کے بغیر گفتگو کرنے سے روکا تو صوبائی وزیر غصے میں آگئے تھے اور استعفے کی دھمکی دیکر اجلاس سے چلے گئے تھے تاہم اب اطلاعات ہیں کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے حسنین بہادر دریشک کا استعفیٰ منظور کر نے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حسنین بہادر دریشک میری کابینہ کے قابل وزیروں میں سے ہیں۔

پرویز الٰہی نے کہا کہ حسنین بہادر دریشک میرے لئے ویسے ہی ہیں جیسے مونس الٰہی، حسنین بہادر دریشک کی پرفارمنس بہت اچھی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حسنین بہادر دریشک بطور صوبائی وزیر اپنے محکمے کو بڑے اچھے طریقے سے چلا رہے ہیں، حسنین بہادر دریشک بطور صوبائی وزیر ذمہ داریاں ادا کرتے رہیں گے۔