سیاست میں مذاکرات بند نہیں ہوتے، عمران کو کئی بار کہا بیٹھ کر بات کریں، احسن اقبال


لاہور (صباح نیوز) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ سیاست میں مذاکرات کے دروازے کبھی بند نہیں ہوتے اور ہم نے کئی مرتبہ کہا ہے کہ عمران خان بیٹھ کر ہم سے بات کریں۔

لاہور میں تقریب سے خطاب میں احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان معاشی بحران سے گزر رہا ہے اور  بدقسمتی سے دہشت گردی نے پھر سر اٹھا لیا ہے، سال 2013 میں بھی ہمیں پاکستان ایسے ہی حالات میں ملا تھا ، ملک لوڈ شیڈنگ کے اندھیروں میں ڈوبا ہوا تھا  اور اس وقت دنیا ہمیں دہشتگردی کی نظر سے دیکھتی تھی، اس وقت کے وزیراعظم نوازشریف نے مسلح افواج سے کہا کہ ہمیں دہشتگردی کیخلاف جنگ آئندہ نسلوں کے لیے ہے  جس میں پاک فوج ، پولیس اور سکیورٹی کے دیگر اداروں نے بے پناہ قربانیاں دیں اور ہم نے دہشتگردی کے اس عفریت پر قابو پایا۔انہوں نے کہاکہ قرضوں میں جکڑا ہوا پاکستان، بجلی بحران کا بھی شکار ہے، سابق دور میں 4 برس کے دوران ملک کا برا حال کر دیا گیا لیکن ہم انشااللہ بحرانوں کو شکست دیں گے اور ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نوے کی دہائی میں سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے دو دو سال بعد حکومتیں بدلی ہیں اور ملک میں ہر وقت توڑ پھوڑ کی سیاست ملک کو پیچھے لے کر گئی ہیں۔  احسن اقبال نے کہا کہ ہمیں پاکستان میں انجینئرنگ کے شعبے کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، ہمارے پاس بے روزگار انجینئرز کی بڑی تعداد موجود ہے، جنہیں خود روزگار کے لیے سہولیات کی ضرورت ہے۔

وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ پانچ یونیورسٹیوں کے لیے 6.5 ارب روپے کے خطیر بجٹ کی منظوری دی گئی۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے نام سے ادارہ قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ انجینئرنگ کا شعبہ کسی بھی ملک کی ترقی میں بہت اہم کردار ادا کرتا ہے اور اسے ہر ممکن وسائل فراہم کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنے انجینئرز کی غیر معمولی کوششوں اور صلاحیتوں کی بدولت ایک ایٹمی ریاست ہیں۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہاکہ  2018کے الیکشن میں پنجاب کے عوام نے مسلم لیگ (ن)کو مینڈیٹ دیا لیکن ہمارے مینڈیٹ کو 2018 میں چرایا گیا۔ایک سوال کے جواب میں احسن اقبال نے کہا کہ سیاست میں مذاکرات کے دروازے کبھی بند نہیں ہوتے، ہم نے کئی مرتبہ کہا ہے کہ عمران خان بیٹھ کر ہم سے بات کریں۔ان کا  کہنا تھا کہ عمران خان خود کہہ کرگئے آئندہ الیکشن نئی مردم شماری کے تحت ہوگاجب کہ جلد الیکشن صرف ایک سیاسی شوشہ ہے، جلد الیکشن معاشی اور سیاسی ضرورت نہیں، ہم ملکی معیشت کو استحکام دینے کی کوشش کررہے ہیں۔