کسی دباؤکے بغیرفرائض ادا کرتے رہیں گے،چیف الیکشن کمشنر


اسلام آباد(صباح نیوز) چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کسی دبا کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے اپنے فرائض ادا کرتا رہے گا، پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس سے متعلق اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ موصول ہوچکی ہے۔

چیف الیکشن کمشنر نے اسلام آباد میں قومی ووٹرز ڈے پرتقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹ کے آئندہ الیکشن میں امیدواروں کے کاغذات کی آن لائن جانچ پڑتال ہوگی، دس منصوبے پلاننگ کمیشن کو بھیجے لیکن ان پراجیکٹس کو پی ایس ڈی شامل نہیں کیا گیا۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن یقینی بنا رہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں مواقع میسر ہوں،شفاف انتخابات یقینی بنانے کیلئے ٹیکنالوجی کا استعمال شروع کیا ہے، تمام سوشل میڈیا فورمز کو بھی فعال کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لئے ڈی آر او تعینات کر دیئے، بلوچستان میں صوبائی حکومت نے حلقہ بندیوں کا ڈیٹا فراہم نہیں کیا۔

میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس سے متعلق موصول اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ سیل ہے،جو میری میز پر موجود ہے، رپورٹ ابھی خود بھی نہیں دیکھی، رپورٹ کا جائزہ لینے جمعرات کو ان کیمرا اجلاس ہو گا، جائزہ لیکر آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔