سیالکوٹ واقعہ میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، وفاقی کابینہ


اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی کابینہ کے اجلاس میں سیالکوٹ واقعہ میں ملوث افراد کے خلاف جلد اور سخت کارروائی پر اتفاق کیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان اور کابینہ اراکین کو سانحہ سیالکوٹ سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ ، اجلاس کے دوران ملکی سیاسی و معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ اراکین نے سیالکوٹ واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے واقعات ملک کی بدنامی کا باعث بنتے ہیں۔کابینہ اراکین نے اس ضمن میں اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ سیالکوٹ واقعہ میں ملوث افراد کے خلاف جلد اور سخت کارروائی کی جائے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 17 نکاتی ایجنڈے پر غور کیاگیا۔ افغانوں کو کسی تیسرے ملک جانے کے لیے زمینی یا فضائی محفوظ راستہ دینے کا معاملہ موخر کردیا گیا۔

دوسری جانب وفاقی کابینہ نے پیٹرول پر ڈیلر مارجن میں اضافے کی منظوری دے دی ہے۔ گیپکو اور ٹیسکو کے سی ای اوز کی تعیناتی کی منظوری بھی دی گئی۔