رانا شمیم کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کیلئے ایڈووکیٹ جنرل کا چیف کمشنراسلام آباد کو خط


اسلام آباد(صباح نیوز) ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نیاز اللہ خان نیازی ایڈووکیٹ نے سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا محمد شمیم کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کیلئے چیف کمشنر اسلام آباد کو خط ارسال کر دیا۔

ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کی جانب سے بھجوائے گئے خط میں کہا گیا کہ رانا شمیم کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں توہین عدالت کیس زیر التوا ہے،ان کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی کارروائی شروع کی جائے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ رانا شمیم نے منگل کے روز اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ سے بیان حلفی خود لندن لینے جانے کے لئے اجا زت دینے کی استدعا کی جو کہ عدالت نے منظور نہیں کی لہذاخدشہ ہے کہ رانا شمیم ملک سے فرار ہو جائیں گے اور شاید واپس نہ آئیں۔

خط میں ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے کہا ہے کہ رانا شمیم کے خلاف توہین عدالت کیس کی آئندہ سماعت13دسمبر کو ہو گی لہذا فوری طورپر ان کا نام ای سی ایل میں ڈلنے کیا کارروائی عمل میں لائی جائے۔ ZS