فواد چوہدری اور شہبازگل کی سری لنکن ہائی کمشنر سے الگ الگ ملاقاتیں


اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری اوروزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہبازگل  کی سری لنکن ہائی کمشنر موہن ویجے ویکراما سے  الگ الگ ملاقاتیں،ملاقاتوں میں دونوں رہنماؤں نے سری لنکن ہائی کمشنر موہن ویجے ویکراما سے سیالکوٹ کے افسوسناک واقعہ میں پریانتھا کمارا کی ہلاکت پر تعزیت کی۔

شہباز گل نے سری لنکن ہائی کمشنر کوپاکستانی عوام کی جانب سے غم و صدمہ کے جذبات سے آگاہ کیا۔وزیراعظم پاکستان نے پنجاب حکومت کو ملزمان کو سخت ترین سزا دلوانے کے احکامات دیئے ہیں۔

فواد چوہدری نے حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات سے سری لنکن ہائی کمشنر کو آگاہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ واقعہ کی ملک بھر میں مذمت کی گئی ، ملوث تمام ملزمان کو گرفتار کیا گیا ۔

سری لنکن ہائی کمشنر نے کہاکہ حکومت پاکستان کے اقدامات سے مطمئن ہے، سانحہ سے دونوں ممالک کے تعلقات پر اثر نہیں پڑے گا۔