اسلام آباد (صباح نیوز)الیکٹرانک ووٹنگ مشین(ای وی ایم) کے استعمال کے حوالے سے قانون سازی کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا جبکہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے شہری کی جانب سے دائر درخواست نامکمل قراردے دی۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے استفسار کیا کہ قانون سازی کی کون سی شقیں آئین سے متصادم ہیں، ایسے نامکمل درخواست دائر نہیں کرتے ورنہ جرمانہ ہو جاتا ہے۔ عدالت نے شہری کی جانب سے درخواست مکمل کرکے دوبارہ دائر کرنے کی استدعا منظور کرلی۔
چیف جسٹس نے درخواست گزار سے استفسار کیا کہ آپ کو الیکٹرانک ووٹنگ کی قانون سازی کی کن شقوں پر اعتراض ہے۔ اس پر درخواست گزارکا کہنا تھا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین دھاندلی کی منصوبہ بندی ، یہ قانون سازی کالعدم قراردی جائے۔
اس پر چیف جسٹس اطہر من اللہ نے درخواست سے استفسار کیا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال کی قانون سازی کی کون سی شق آئین سے متصادم ہے ، آپ عدالت کی معاونت کردیں۔ عدالت نے کہا کہ ایسی نامکمل درخواست دائر نہیں کرتے ورنہ جرمانہ بھی عائد کیا جاتا ہے۔ اس پر درخواست گزار نے درخواست درست کرنے کے لئے مہلت طلب کی جو عدالت نے دے دی۔