عالمی برادری دیرینہ تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے آگے آئے۔ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی جموں وکشمیر


سری نگر: ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی جموں وکشمیر (ڈی ایف پی)نے بھارتی فوج  کی طرف سے بیگنا ہ کشمیری نوجوانوں کے قتل، شہریوں کے املاک کی ضبطی اور انسانی حقوق کی دیگر سنگین پامالیوں پر اپنی شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ مقبوضہ علاقے میں خونریزی کی بڑی وجہ تنازعہ کشمیر کا تاحال حل نہ ہونا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ اس دیرینہ تنازعہ کے حل کے لیے  آگے آئے۔ترجمان نے کہا کہ قابض بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں کشمیری نوجوانوںکا یہ بے رحمانہ قتل بھارتی حکومت کی منظم نسل کشی کی مہم کا حصہ ہے جسکا انسانی حقوق کی عالمی تنظیموںکو موثر نوٹس لینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجیوں نے ظالمانہ قوانین کی آڑمیں مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردی کا راج قائم کر رکھا ہے۔ محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران بے گناہ لوگوں کو ہراساںکیا جاتا ہے اور انکی تذلیل کی جاتی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگی، شہریوں کی املاک کی ضبطی اور جعلی مقابلوں میں نوجوانوں کے قتل کو حق خود ارادیت کے حصول کی کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کو دبانے کے لیے جنگی حربے کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت حریت رہنماں ، کارکنوں کے گھروں اور دیگر املاک کو ضبط کر کے انکے جذبہ حریت کو دبانے کی کوشش کررہی ہے تاہم طرح کے اوچھے ہتھکنڈوں سے انہیں ہرگز مرعوب نہیں کیا جاسکتا۔ترجمان نے حریت رہنماوں، کارکوں حقوق کے محافظوں، صحافیوں اور سول سوسائٹی کے کارکنوں کی مسلسل نظربندی پر اپنی شدید تشویش کا اظہار کیا۔