مسئلہ کشمیر کو فراموش نہیں ہونے دیا جائے گا،محبوبہ مفتی


سری نگر:مقبوضہ جموں و کشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے دفعہ370 کی منسوخی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نے مسئلہ کشمیر کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔

محبوبہ مفتی نے ضلع اسلام آباد میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو فراموش نہیں ہونے دیا جائے گامیں نوجوانوں یتیموں بیواں کی قربانیوں کو فراموش نہیں کرسکتی۔ انہوں نے کہا کہ دفعہ 370کی منسوخی سے مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوا بلکہ اس سے یہ مسئلہ مزید الجھ گیاہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ وقت آئے گا جب وہ سمجھ جائیں کہ انہوں نے جموں و کشمیر کے ساتھ کیا کیا ۔محبوبہ مفتی نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ اس بات کا کھل کراظہارکریں کہ 2019میں کئے گئے فیصلے انہیں قابل قبول نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری خاموش رہتے ہیں لیکن وقت آنے پروہ دکھاتے ہیں کہ کیا صحیح ہے اور کیا غلط ہے    ایک دن ضرور آئے گا جب انہیں اپنے کئے پر پچھتاوا ہوگا، جنہوں نے کشمیریوں کے ساتھ ناانصافی اور ظلم و زیادتی کی کیونکہ کشمیری لوگ خاموش ہیں لیکن مردہ نہیں۔انہوں نے2019کے فیصلوں کے بعد مقبوضہ جموں وکشمیر کی صورتحال پر افسوس کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ اسے ایک جیل میں تبدیل کردیاگیاہے۔

انہوں نے کہاکہ مجھے یقین ہے کہ ہم دفعہ370اور جو کچھ اگست 2019میں ہم سے چھین لیا گیا تھا، سود کے ساتھ واپس لیں گے۔انہوں نے کہاکہ ہمیں پائیدار امن اور استحکام کی خاطر مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے مل کر جمہوری جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے۔پی ڈی پی سربراہ نے اظہاررائے کی آزادی پر پابندیوں اور علاقے میں جاری ظلم وجبر پر تنقید کرتے ہوئے لوگوں کے خدشات اورشکایات کوآواز دینے کے لیے ایک پلیٹ فارم کی ضرورت پر زور دیا۔