سری نگر: مقبوضہ جموں و کشمیر میں بجلی کی مسلسل بندش اور بلوں میں اضافے کے خلاف سرینگر میں لوگوں نے احتجاجی مظاہرے کئے۔ وسطی سرینگر کے مکینوں نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے نوا کدل روڈ کوبندکردیا اور بجلی بلوں میں اضافے کو واپس لینے کا مطالبہ کیا۔
لوگوں کاکہنا ہے کہ حالیہ مہینوں میں بجلی کے بلوں میں بے تحاشا اضافہ کردیاگیاہے۔ بہت سے لوگوں کا کہنا ہے کہ بجلی کی بندش کے دوران ان بلوں کی ادائیگی ناممکن ہے۔ مظاہرین نے کہاکہ بہت سے مریض آکسیجن سپورٹ پر انحصار کرتے ہیںاور بجلی کٹوتیوں کی وجہ سے ان کا علاج بھی متاثر ہورہا ہے۔
نوہٹہ کے ایک رہائشی بشیر احمد نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپناپیٹ بھرنے کے لیے بہت مشکل سے کما پاتے ہیں ، ہم ان کے بھاری بل کیسے ادا کرسکتے ہیں۔ مکینوں نے کہاکہ انہوں نے بارہا حکام سے رابطہ کیا لیکن کوئی جواب نہیں ملا۔ انہوں نے کہاکہ بجلی جیسی بنیادی ضرورت کی عدم فراہمی کے باوجود وہ ہم سے بھاری بلوں کا تقاضا کرتے ہیں۔