اسلام آباد(صباح نیوز) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ سیالکوٹ جیسے واقعات کی غیرمشروط مذمت کرتے ہیں، سوال یہ ہے ایسے واقعات کو روکے گا کون؟، مذہب کے حوالے سے کوئی واقعہ ہو اسے بہت اچھالا جاتا ہے ۔
پی ڈی ایم سربراہی اجلاس سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ریاست آئین اور قانون کو حرکت میں آنا پڑے گا۔
میری اپنی حکومت بھی ہوتی تو یہی کہتا کہ کوتاہی ہوئی ہے۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ مذہب سے متعلق کوئی واقعہ ہو تو اسے بہت ہائی لائٹ کیا جاتا ہے، ایسے واقعات روکنے کے لئے قومی سوچ کو سامنے لانا ہوگا۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ بندوق کے ذریعے کسی نظریے کی بات کرنے کی شروع سے مخالفت کر رہے ہیں، ہم آئین، قانون اور جمہوریت کی صف میں کھڑے ہیں۔