اسلام آباد(صباح نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہائی کورٹ میں اپیل زیر التوا ہونے پر فیصل واوڈا کے خلاف نااہلی کیس پر کارروائی نہ روکے، جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے ہیں کہ ڈیڑھ سال تک معاملہ یہاں تھا، اس وقت بھی چھپن چھپائی کا کھیل جاری رہا۔
جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں بنچ نے فیصل واوڈا کی الیکشن کمیشن میں نااہلی کیس رکوانے کی انٹراکورٹ اپیل پر سماعت کی تو درخواست گزار فیصل واوڈا کے اپنے ہی وکیل پیش نہ ہوئے اور ان کے معاون وکیل نے عدالت سے التوا کی درخواست کی ۔جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا یہ کیس کب سے الیکشن کمیشن میں زیر التوا ہے؟ ڈیڑھ سال تک تو یہ معاملہ یہاں رہا ،اس وقت بھی چھپن چھپائی کھیلی جاتی رہی، آپ اس عدالت سے التوا مانگ کر پھر الیکشن کمیشن میں اپیل ہائی کورٹ میں زیر التوا ہونے پر ریلیف مانگیں گے۔
عدالت نے آرڈر میں لکھوایا کہ الیکشن کمیشن ،ہائی کورٹ معاملہ زیر التوا ہونے کی بنیاد پر کارروائی نہ روکے، انٹراکورٹ اپیل پر مزید سماعت 9دسمبر کو ہو گی ۔