اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے سری لنکا کے ہائی کمشنر وائس ایڈمرل موہن وجے کرما سے ملاقات کی ،
ملاقات کے دوران انہوں نے سیالکوٹ فیکٹری حادثہ میں سری لنکا کے شہری پریانتھا کمارا کی ہلاکت پر تعزیت کا اظہار کیا اس موقع پر وزیر داخلہ نے افسوسناک واقعے پرحکومت اور پاکستانی عوام کی طرف سے افسوس اور دکھ کا اظہار کیا۔
سری لنکن ہائی کمشنر نے کہا کہ وہ سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کی ہلاکت پر پاکستانی حکومت اور عوام کے رد عمل سے مطمئن ہیں۔جاری تفصیلات کے مطابق پیر کو وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے سری لنکا ہائی کمیشن جا کر ہائی کمشنر اور وائس ایڈمرل موہن وجے کرما سے ملاقات کی،
انھوں نے سیالکوٹ واقعے پر سری لنکا کے شہری پریانتھا کمارا کی ہلاکت پر تعزیت کا اظہار کیا۔وزیر داخلہ نے واقعے پر حکومت اور عوام کی طرف سے افسوس اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا پریانتھا کمارا کی افسوسناک موت پر پاکستانی عوام سوگوار ہیں، واقعے میں ملوث مجرموں کو قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔
شیخ رشید نے یقین دہانی کرائی کہ پریانتھا کمارا پر تشدد اور موت میں ملوث کسی شخص کو رعایت نہیں ملے گی، اور اس کی ہلاکت کے تمام مجرمان کو حکومت مثالی سزا دلائے گی۔
اس موقع پر سری لنکن ہائی کمشنر موہن وجے کرما نے کہا کہ پریانتھا کمارا کی ہلاکت پر پاکستانی حکومت اور عوام کے رد عمل پر ہم مطمئن ہیں، اور افسوس ناک حادثے پر پاکستانی عوام کے جذبات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
سری لنکن ہائی کمشنر نے واضح کیا کہ پاکستان اور سری لنکا کے مابین تعلقات دیرینہ ہیں، حالیہ واقعے سے متاثر نہیں ہوں گے۔انھوں نے پرنتھا کمارا کی نعش سرکاری اعزاز کے ساتھ سری لنکا رخصت کرنے پر حکومت پاکستان کا شکریہ بھی ادا کیا۔