لاہور(صباح نیوز )سرپرست الخدمت فاؤنڈیشن و امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن کا مشن عوام کی خدمت ہے۔ الخدمت لیب فری ہوم سمپیلنگ سروس شہریوں کیلئے صحت کی بہترین سہولت ہے۔ شہری اپنے گھر کی دہلیز پر الخدمت کی جدید ترین لیب سے ٹیسٹ کی سہولت دیگر معروف لیبز سے بہت کم نرخوں پر حاصل کر سکیں گے۔شہری24 گھنٹے 03103337140 پر کال کر کے یہ سہولت حاصل کرسکتے ہیں۔ الخدمت فاؤنڈیشن شہر لاہور میں صحت،تعلیم، کفالت یتامٰی، صاف پانی، بلا سود قرضوں کی فراہمی، سماجی خدمات سمیت دیگر سینکڑوں فلاحی کام سرانجام رہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی دارالحکومت میں الخدمت لیب کے زیر اہتمام” فری ہوم سمپیلنگ سروس کا باقاعدہ افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انجینئر احمد حماد رشیدصدر الخدمت فاؤنڈیشن لاہور،ایگزیکٹو ڈائریکٹر مغیث قریشی،نائب صدر الخدمت فاؤنڈیشن چوہدری سلیم و دیگر ذمہ داران موجود تھے۔
میاں ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ پاکستان میں بے شمار ایسے ادارے ہیں جو بلارنگ، نسل و مذہب کے امتیاز عوام کی خدمت میں دن رات مصروف عمل ہیں۔ ان سب میں سے ایک نمایاں نام الخدمت فاونڈیشن کا ہے جو عوام کی خدمت اور فلاح بہبود میں دن رات کوشاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ الخدمت لیب سے شہری گھر بیٹھے صحت کی سہولیات ایک فون کال پر باآسانی حاصل سکتے ہیں جس کیلئے صحت کی تمام مطلوبہ سہولتوں سے آراستہ موٹرسائیکل کے ذریعے تجربہ کار کولیکشن رائیڈرگھر گھر جاکر بغیر کسی اضافی خرچ کے سیمپل وصول کریں گے اور ٹیسٹ رپورٹ آئن لائن بھجوا دی جائیگی۔