سیاچن میں پاک فوج کا ہیلی کاپٹر گرکر تباہ، 2 میجر شہید


راولپنڈی(صباح نیوز) پاک فوج کا ہیلی کاپٹر سیاچن میں گرکر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 2 فوجی افسران شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر سیاچن میں گرکر تباہ ہوگیا۔

ہیلی کاپٹر حادثے میں دونوں پائلٹ میجر عرفان برچا اور میجر راجا ذیشان جہانزیب شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سرچ اور ریسکیو ہیلی کاپٹرز اور فوج کے دستے جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔

گلگت بلتستان کی صوبائی حکومت کے مطابق حادثہ ضلع گانچھے میں پیش آیا جس میں پاک فوج کے دو پائلٹ شہید ہوئے۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان خالد خورشید واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حادثے میں شہید ہونے والے میجر عرفان اور میجر زیشان کے خاندان سے تعزیت کرتے ہیں۔

یاد رہے کہ 7 اپریل 2012 کو سیاچن میں برف کا تودا گرنے سے 124 فوجی اور 11 شہری شہید ہوئے تھے۔