این اے 133 ضمنی انتخابات میں ہارنے، جیتنے، حصہ نہ لینے والی پارٹیاں خوش ہیں،شیخ رشید


  اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ این اے 133 میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے بعد پہلی بار دیکھا کہ ہارنے، جیتنے اور حصہ نہ لینے والی تمام پارٹیاں خوش ہیں۔

پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی اجلاس میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے وزیرداخلہ شیخ رشیدنے کہا کہ اپوزیشن کو ضمنی الیکشن سے سبق سیکھنا چاہئے، جہاں انسانی ہمدردی ہو وہاں دس فیصد ووٹ ویسے ہی پڑ جاتے ہیں، شائستہ بی بی دس فیصد ووٹوں سے ممبر بنی ہیں۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ گذشتہ روز کے ضمنی الیکشن کے بعد جیتنے والی پارٹی بھی خوش ہے، ہارنے والی اور حصہ نہ لینے والی پارٹی بھی خوش ہے، ایسا الیکشن زندگی میں نہیں دیکھا، کل کے الیکشن نے ثابت کیا ہے کہ سیاسی جماعتیں صرف میڈیا ہائوسز کے سہارے زندہ ہیں، پہلی دفعہ ایسا ہوا کہ بریانیاں اور حلوے خالی پڑے رہے لوگوں نے منہ نہیں مارا۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ سیالکوٹ کے افسوسناک واقعہ کے بعد سے میں ڈپریشن میں ہوں، بہت افسوسناک واقعہ ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، ہم بھارت پر الزام لگاتے تھے کہ وہاں مسلمانوں کے ساتھ ناروا سلوک ہوتا ہے،  جب تک قانون پر عمل درآمد نہیں ہوگا اور دہشت گردی کے خلاف پکا ہاتھ نہیں ڈالیں گے تو ایسے واقعات ہوتے رہیں گے۔