حکومت نے دیر کی تو گاڑی ہاتھ سے چھوٹ جائے گی،شیخ رشید


راولپنڈی(صباح نیوز)  عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکومت نے دیر کی تو گاڑی ہاتھ سے چھوٹ جائے گی،قبل ازوقت انتخابات ہی سیاسی اور معاشی عدم استحکام سے نجات ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ جب معاشی بحران بڑھنے لگتا ہے تو یہ آڈیو لیک کر دیتے ہیں، بھوکی عوام سڑکوں پر نکل آئی تو لگ پتہ جائے گا، مسائل اتنے سنگین ہوگئے ہیں کہ حکومت ملک نہیں چلا سکتی، قبل ازوقت انتخابات ہی سیاسی اور معاشی عدم استحکام سے نجات ہے، حکومت نے دیر کی تو گاڑی ہاتھ سے چھوٹ جائے گی۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ارشد شریف کی شہادت میں جے آئی ٹی پر اہم ذمہ داری آگئی کیونکہ ادارے اور عدلیہ ہی اہم ہیں۔انہوںنے کہا کہ 4 روزکیلئے عمرہ پر آیا ہوں کیونکہ سب کچھ یہیں سے ملتا ہے۔

سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ 300 روپے کلو پیاز اور 200 روپے کلو ٹماٹر غریب کھائے گا کیا؟، زرعی ملک غذائی قلت سے دوچار ہو سکتا ہے، پی ڈی ایم کیلئے عوام کے آگے ہتھیار ڈالنے کا آخری موقع ہے۔انہوںنے کہا کہ امپورٹس پر پابندی، ترسیلات کم، ڈالر نایاب، الیکشن ہی مسائل کا واحد حل ہے۔