ضمنی انتخاب میں عوام نے ن لیگ پراعتماد کااظہار کیا، عطا تارڑ


لاہور(صباح نیوز)مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ این اے 133کے ضمنی انتخاب میں عوام نے ن لیگ پراعتماد کااظہار کیا،لاہور کل بھی مسلم لیگ نون کا گڑھ تھا، آج بھی ہے اور کل بھی رہے گا۔

لاہور کی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نون لیگ کے رہنما عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ کل تھوک کے حساب سے ووٹوں کی خریداری کی گئی، پی ٹی آئی نے حکمت عملی کے تحت اپنے امیدوار کے کاغذات نامزدگی مسترد کرائے، آج کل پی ٹی آئی کے امیدوار عمران خان کی تصویر بھی نہیں لگا رہے، پی ٹی آئی ارکان اسمبلی اگلی بار پارٹی ٹکٹ نہ لینے کی چہ میگوئیاں کر رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی کیخلاف عوام کے رد عمل کے ڈر سے یہ بھاگ گئے، ڈسکہ میں انہوں نے پریذائیڈنگ افسر غائب کرا دیئے، جبکہ کل عوام نے ووٹ کو عزت دیتے ہوئے اپنا فیصلہ دیا ہے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ تمام ضمنی انتخابات مسلم لیگ (ن) نے جیتے ہیں،  این اے 133کے انتخاب میں بھی عوام نے شیر پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے لوگ کہتے ہیں کہ ہمیں بھی ایک شہباز شریف دے دو۔