چوبارہ شمسی توانائی منصوبے سے عوام کوفائدہ پہنچے گا،زراعت بھی ترقی کرے گی ، خرم دستگیر


ملتان(صباح نیوز)وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہاہے کہ ہم پاکستان میں سستی بجلی کی فراہمی کی بنیادرکھ رہے ہیں ،شمسی توانائی کے ذریعے فراہم کی جانے والی بجلی سے عوام کوفائدہ پہنچے گااورزراعت بھی ترقی کرے گی ۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے لیہ کی تحصیل چوبارہ میں 100 میگا واٹ کے زینفا شمسی توانائی منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ نجی شعبے میں شمسی توانائی کا سب سے بڑا منصوبہ ہے، پاکستان میں بجلی پیدا کرنے کے کارخانوں میں سب سے سستی بجلی زینفاسولرکی ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ لیہ کی تحصیل چوبارہ کی کھلی فضا میں میلوں میں پھیلے سولر پراجیکٹ کوہمارے مخالفین دیکھیں تاکہ انہیں پتہ چلے کہ حکومت کیا کر رہی ہے، یہ جدید ترین منصوبہ جسکی بجلی کی استعداد سب سے زیادہ ہے ایسی جگہ لگاہے جسکا فائدہ کسانوں کو ہوگا انکے ٹیوب ویلوں میں پانی آئے گااورعوام بھی مستفید ہوں گے ۔

انہوں نے مزید کہاکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں ہم نے اس پالیسی کا اعلان کیا ہے کہ آئندہ تمام نئے کارخانے تیل سے نہیں چلیں گے،ہم سورج سے بجلی بنائیں گے ،پانی،ہوا اورتھر میں پیدا ہونے والے کوئلے سے بجلی تیارکی جائے گی،خرم دستگر نے کہا کہ 1320 میگا واٹ کا کوئلے سے چلنے والا پرا جیکٹ جلد کام شروع کر دے گا،گھروں میں بجلی وافراورسستی ہو گی،ہماری منصوبہ بندی 13000 میگا واٹ شمسی توانائی تک جانے کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم تعمیر کرنیوالے ہیں، تخریب کرنیوالے نہیں ،پاکستان کو جدید دنیا کے ساتھ ملانا ہے ،گوادر سے خنجراب تک جو بھی ترقی نظر آتی ہے وہ میرے قائد نواز شریف کا وژن ہے۔ انہوں نے کہاکہ چوبارہ میں سوسے زائد مقامی افراد کو اس پلانٹ میں نوکری ملے گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارے قائدین نئے ائرپورٹ، ہسپتال ،موٹروے اور ترقی کے منصوبوں پر کام کر رہے ہیں، یہ نئی ٹیکنالوجی ہمارے بچوں کے روزگار کی بنیاد ہے ، ہمیں آگے بڑھنا ہے، علاقوں کے وولٹیج میں بہتری آئے گی تو یہاں نئی انڈسٹری آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں توانائی کی قیمتوں میں اضافے ہوا ہے، سستی بجلی جلد فراہم کریں گے۔قبل ازیں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہمارے قائد میاں نواز شریف ڈاکٹروں کی طرف سے اجازت ملنے کے بعد جلد پاکستان آئیں گے ،مونس الہی اورپرویز الہی کے الزامات کے حوالے سوال پرانہوں نے کہاکہ اس کامیں جواب نہیں دے سکتا۔