اسلام آباد (صباح نیوز) چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا ہے کہ قبل از وقت صوبائی اسمبلیاں تحلیل ہوئیں تو آئین کے مطابق انتخابات کروا دیں گے اور یہ اسمبلیاں پانچ سالہ مدت کے لئے ہوں گی، الیکشن کمیشن پر کوئی دباؤ نہیں ہے، ضمیر کے مطابق فیصلے کر رہے ہیں،صاف شفاف عام انتخابات کے لئے پراعتماد ہیں،جمہوریت کے فروغ کے لئے سب ہمارا ساتھ دیں، سب سیاستدانوں کا احترام کرتے ہیں، کوئی بھی سیاستدان کسی بھی وقت مجھ سے آفس میں مل سکتا ہے۔ ہمارا کوئی پسندیدہ یا مخالف نہیں ہے، الیکشن کمیشن آف پاکستان کو جدید خطوط پر استوار کر دیا گیا ہے،انتخابی فہرستوں کی طباعت کے لئے اپنی پرنٹنگ مشینیں لگا رہے ہیں، سندھ اور خیبرپختونخوا کے الیکشن کمیشن کے دفاتر میں افسران نے اپنے رشتہ داروں کو بھرتی کر لیا تھا، اس حوالے سے انضباطی کارروائی کی گئی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ووٹر ڈے کے موقع پر الیکشن کمیشن آف پاکستان میں مرکزی تقریب کے موقع پر خطاب اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ ایسے جدید اقدامات کئے گئے ہیں کہ صاف شفاف انتخابات کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے آئینی اور قانونی اقدامات کے نتیجے میں انتخابات پر عوامی اعتماد میں اضافہ ہو گا۔ ان اقدامات کے حوالے سے سول سوسائٹی، ترقیاتی پارٹنرز اور میڈیا کا تعاون حاصل ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابات کے حوالے سے ایک ضابطہ اخلاق بھی بنا رکھا ہے جس پر کبھی عمل درآمد نہیں ہوتا تھا۔ پہلی بار اس پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا گیا اور سب کے ساتھ یکساں سلوک روا رکھا گیا۔ یہی وجہ ہے کہ برسراقتدار حکومت کے وزراء نے انتخابی مہم چلانے کے لئے پہلے وزارتوں سے استعفے دیئے۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومتیں بلدیاتی انتخابات کے لئے تیار نہیں ہوتیں۔ تاخیر کے لئے متعلقہ قوانین میں ردوبدل کر دیا جاتا ہے۔ مقررہ وقت پر اگر بلدیاتی انتخابات نہ ہوں تو اس حوالے سے آئین و قانون خاموش ہے جبکہ ملک کے لئے سب سے اہم بلدیاتی انتخابات ہیں۔ پندرہ جنوری کو کراچی، حیدر آباد ڈویژنوں، 31 دسمبر کو اسلام آباد، گیارہ دسمبر میں بلوچستان میں دوسرے مرحلے کے انتخابات ہوں گے اور ہر صورت اپریل 2023ء میں پنجاب میں انتخابات ہوں گے۔ اگرچہ پنجاب حکومت بار بار قانون تبدیل کر کے ہمارے لئے مشکل پیدا کرتی رہی اور تیسری بار حلقہ بندیوں کے لئے تاحال بجٹ بھی نہیں دیا گیا۔ کچھ بھی ہو اپریل کے آخری ہفتے میں پنجاب میں بلدیاتی انتخابات ہوں گے اور اپنے آئینی اختیار کو استعمال کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ انتخابی فہرستوں پر نظرثانی کی گئی۔ موجودہ حکومت کا خیال ہے کہ ڈیجیٹلائز حلقہ بندیاں کی جائیں تاہم اس کے لئے چھ سے سات ماہ لگ سکتے ہیں۔ نئی مردم شماری بھی کرانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے کبھی الیکٹرونک ووٹنگ مشین کی مخالفت نہیں کی لیکن ایسا نہیں ہوسکتا کہ جلد بازی میں پورا الیکشن متنازع بنادیں۔ برازیل نے یہ سسٹم استعمال کیا۔ ہم نے برازیل کے سفیر سے خصوصی ملاقات کی اور اس کی پیچیدگیوں کے بارے میں ہمیں آگاہ کیا گیا۔ برازیل سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان 2023ء اگر ای وی ایم کے تحت انتخابات کرا لے تو یہ کرشمہ ہو گا جس کی وجہ سے ہم محتاط ہو گئے۔ اتنے بڑے پیمانے پر انتظامات کرنا ایک چیلنج ہو گا۔ ٹی وی چینلز پر وہ لوگ ای وی ایم پر بات کر رہے ہوتے ہیں جن کو اس کی اے بی سی بھی معلوم نہیں ہے۔ آئی ووٹنگ کے لئے حکومت کو لکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر ای وی ایم کو استعمال کیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن نے نئی ویب سائٹ بنا لی ہے تمام علاقائی دفاتر کو تیزترین ڈیٹا سسٹم کے ذریعے منسلک کر دیا گیا ہے۔ آن لائن شکایات اور بھرتیوں کا سسٹم بھی متعارف کروایا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن اپنے دفاتر کے قیام کے لئے کام کر رہا ہے۔ ہماری بیشتر عمارتیں کرائے کی ہیں اور اسلام آباد کا مقامی دفتر ایسے مقام پر موجود ہے جہاں موٹرسائیکل کے بغیر رسائی ہی نہیں ہے۔ پنجاب اور بلوچستان میں 29 پلاٹس خرید لئے گئے ہیں پانچ پر تعمیر کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ 38 لاکھ خواتین کے شناختی کارڈ بنانے کو یقینی بنایا گیا ہے۔ خوداحتسابی کے نظام کو متعارف کرایا گیا ہے اور جب چھان بین کی گئی تو سندھ اور خیبرپختونخوا میں افسران یا سبکدوش اہلکاروں نے اپنے رشتہ داروں کو بھرتی کیا ہوا تھا۔ انضباطی کارروائی جاری ہے۔ صاف شفاف انتخابات کے لئے پراعتماد ہیں ہم پر کسی کا کوئی دباؤ نہیں ہے۔ ضمیر کے مطابق فیصلے کر رہے ہیں۔ ہمارا کوئی پسندیدہ یا مخالف نہیں ہے۔
بعدازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ اگر کوئی بھی صوبائی اسمبلیاں ٹوٹیں تو عام انتخابات کروا دیں گے اور یہ اسمبلیاں پانچ سالہ مدت کے لئے ہونگی میں تمام سیاستدانوں کا احترام کرتا ہوں کوئی بھی میرے دفتر میں مجھ سے مل سکتا ہے اگر نئی مردم شماری نہ ہو سکی تو سابقہ مردم شماری کی بنیاد پر عام انتخابات ہوںگے۔ الیکشن کمیشن میں تمام فیصلے متفقہ طور پر کئے جا رہے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مجھے تو اپنی نامزدگی کا علم بھی نہیں تھا میڈیا کے ذریعے مجھے علم ہوا کہ مجھے چیف الیکشن کمیشن بنایا جا رہا ہے۔ اس پارلیمانی جماعت کا شکرگزار ہوں جس نے مجھے نامزد کیا۔ پولیٹیکل فنانس ونگ کو انتہائی مضبوط بنا رہے ہیں اور تمام امیدواروں اور ان کے اثاثوں، سیاسی جماعتوں کے حسابات کی تمام تفصیلات کا ڈیٹا جدید سسٹم پر مہیا ہو گا۔
سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حیات خان نے بھی خاطب کیا اور کہا کہ بلٹ سے زیادہ طاقتور بیلٹ ہے۔ سات دسمبر 1970ء کو پہلے انتخابات ہوئے تھے جس کی مناسبت سے سات دسمبر کو ووٹر کے حوالے سے منایا جاتا ہے۔ تقریب میں چیف الیکشن کمیشن نے آپٹیکل فائبر کے متعلقہ سسٹم کا افتتاح کیا۔ پینٹنگ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں انعامات تقسیم کئے گئے اور جیوری کے ارکان کو بھی شیلڈز پیش کی گئیں۔