اسلام آباد(صباح نیوز) قومی اسمبلی کی پارلیمانی ٹاسک فورس برائے پائیدار ترقیاتی اہداف کی کنوینر رومینہ خورشید عالم نے کہا ہے کہ پاکستان اور سری لنکا کو موسمیاتی تبدیلی، غربت اور سماجی و اقتصادی چیلنجز کا سامنا ہے ،پائیدار ترقیاتی اہداف کا حصول علاقائی ترقی کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سری لنکا کے وزیر خزانہ مسٹر پیانتھاکی قیادت میں سری لنکا کے وفد سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
سری لنکا کے وزیر خزانہ نے پاکستان میں حالیہ تباہ کن سیلاب سے متاثرہ پاکستانی عوام سے اظہار یکجہتی کا اظہار کیا ۔انہوں نے کہا کہ سماجی و اقتصادی چیلنجز کو مواقع میں تبدیل کرنے کیلئے باہمی تعاون ضروری ہے ۔ رومینہ خورشید عالم نے دونوں ممالک میں سٹوڈنٹ ویزا میں آسانیاں پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔انہوں نے دونوں ممالک میں کاروباری رابطوں کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا
انہوں نے سری لنکا کے شعبہ صحت میں کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو سری لنکا شعبہ صحت اور خصوصا مڈ وائف تربیتی پروگرام سے رہنمائی حاصل کر سکتا ہے۔اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی زہرہ ودود اور ٹاسک فورس کے سینئر افسران بھی موجود تھے ۔بعدازاں سری لنکن وفد نے قومی اسمبلی ہال کا بھی دورہ بھی کیا۔