ہماری حکومت ختم کرنے کی کسی میں جرات نہیں، پرویز خٹک


پشاور(صباح نیوز) وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ کسی میں ہماری حکومت ختم کرنے کی جرات نہیں ہے۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو میں پرویز خٹک نے کہا کہ کوئی ان ہائوس تبدیلی نہیں آرہی ہے ، میں وزیراعظم عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں اور کوئی جرات نہیں کرسکتا کہ اسمبلی میں ہماری حکومت کو گرائے ۔ سپلائی اور ڈیمانڈ برابر ہو جائے تو مہنگائی کی صورتحال بہتر ہوگی، کیا آئی ایم ایف کے پاس جانا ہمارا قصور ہے؟، سابقہ حکمرانوں نے پاکستان کو قرض دار بنایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سابق حکمرانوں کے لئے گئے قرض کی وجہ سے ہماری حکومت کو عالمی مالیاتی ادارے(آئی ایم ایف)کے پاس جانا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کون ہوتی ہے مجھے نوشہرہ آنے سے روکنے والی، میں نے نہ کوئی جلسہ کیا ہے نہ انتخابی مہم چلائی، اپوزیشن سے کہتا ہوں مقابلہ کریں۔

اس سے قبل پرویز خٹک نے پشاور کینٹ میں شاپنگ مال کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کیا۔ان کا کہنا تھا کہ کینٹ ایریا میں ہائی رائیز بلڈنگ بنانے کی اجازت نہیں تھی، وفاقی حکومت کے ساتھ معاملہ اٹھایا۔

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ طویل کوشش کے بعد پشاور کینٹ میں ہائی رائز بلڈنگ کی اجازت ملی، دنیا ترقی کر رہی ہے لیکن ہم نے پابندیاں لگائی ہیں۔