اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ انتہا پسندی کسی ایک جماعت کا مسئلہ نہیں، تمام سیاسی رہنما انتہا پسندی کی حساسیت سے آگاہ ہیں، سیالکوٹ واقعے پر احسن اقبال اور مصطفی نواز کھوکھر نے جس اندازمیں مولانا فضل الرحمان کے بیان کا جواب دیا وہ قابل تحسین ہے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہاکہ سری لنکا کے شہری کے ساتھ جو ہوا ہرپاکستانی کاسرشرم سے جھک گیاہے، پاکستان میں ادارے اور جمہوریت مضبوط ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ سیاستدانوں کا موقف یہ اظہارہے کہ لیڈرشپ بحیثیت قوم اس سے نمٹنا جانتی ہے، ایسا کوئی ملک نہیں جہاں اتنی آمریتوں کے بعد جمہوریت آئی ہو۔
فوادچوہدری نے کہا ہے کہ انتہا پسندی کسی ایک جماعت کا مسئلہ نہیں، انتہا پسندی پر وزیراعظم اورشہریوں نے جیسی مذمت کی جو کہ خوش آئند ہے جبکہ احسن اقبال اور مصطفی نواز کھوکھر نے جس اندازمیں مولانا فضل الرحمان کے بیان کا جواب دیا وہ قابل تحسین ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ تمام سیاسی رہنما انتہا پسندی کی حساسیت سے آگاہ ہیں، 22 کروڑ آبادی میں معتدل مزاج کے لوگ پاکستان کے آگے بڑھنے کی امید ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے ٹوئٹر پر جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو جواب دیتے ہوئیکہا تھاکہ مولانا صاحب سیالکوٹ جیسے واقعات کی غیر مشروط مذمت ہونی چاہیے۔