نئی آبادی، بہارہ کہو میں آئی ایم ڈی سی، اے این ٹی ایچ کا مفت میڈیکل کیمپ


اسلام آباد(صباح نیوز)اسلام آباد میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کی سوشل افیئرز سوسائٹی نے ڈاکٹر اکبر نیازی ٹیچنگ ہسپتال کے تعاون سے 4 دسمبر 2021 کو نئی آبادی، بہارہ کہو، اسلام آباد میں ایک مفت طبی کیمپ کا اہتمام کیا جہاں آنے والے تمام افراد کومختلف امراض کے بارے میں مشاورت اور ذیابیطس اور ہائی بلڈ پریشر کی اسکریننگ کے ساتھ ساتھ بینائی کا چیک اپ بھی فراہم کی گیا۔ میڈیکل کیمپ میں مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں۔

اس میڈیکل کیمپ سے لوگوں کی بڑی تعداد نے استفادہ کیا ۔ شرکاء کو محلق امراض سے بچاوکے لیے احتیاطی تدابیر اور صحت مند طرز زندگی کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ سکول کے بچوں نے بھی کیمپ میں شرکت کی اور انہیں صحت بخش خوراک اور اچھی عادات کے بارے میں رہنمائی فراہم کی گئی۔

ایسے سود مند طبی کیمپ کے کامیاب انعقاد پر لوگ بہت خوش تھے۔ انہوں نے ہسپتال اور کالج انتظامیہ اور طلباء کا شکریہ ادا کیا اور مستقبل میں ایسے مزید میڈیکل کیمپس لگانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

عمران علی غوری، اے این ٹی ایچ کے ہیڈ آف کمیونیکیشن، نے اس موقع پر میڈیا کو بتایا کہ ہسپتال میں آنے والے تمام مریضوں کو مناسب قیمت پر عالمی معیار کی صحت کی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں اور اس طرح کے کیمپوں کے ذریعے ادارے کا مقصد غریب طبقوں کو ان کی دہلیز پر معیاری دیکھ بھال اور آگاہی فراہم کرنا ہے۔

سوشل افیئرز سوسائٹی آئی ایم ڈی سی کے طلباء اور اساتذہ پر مشتمل ہے اور یہ سوسائٹی اسلام آباد کے مضافاتی علاقوں میں معاشرے کے پسماندہ طبقات کو مختلف مہلک بیماریوں سے بچاؤ کے بارے میں بیداری کے ساتھ ساتھ بنیادی صحت کی دیکھ بھال اور ادویات فراہم کرنے کے لیے اس طرح کے مفت میڈیکل کیمپوں کا اہتمام تواتر سےکرتی رہتی ہے۔