اسلام آباد (صباح نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سینئر وکیل لطیف کھوسہ کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کا تحریری فیصلہ جاری کردیا ۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے لطیف کھوسہ کو 10 جنوری سے 24 جنوری تک بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی۔ تحریری فیصلہ جاری کردیا گیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی کی جانب سے تحریر کردہ فیصلے میں سیکرٹری داخلہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ یقینی بنائیں کہ لطیف کھوسہ کو بیرون ملک جانے سے نہ روکا جائے۔عدالتی حکم کے مطابق سیکرٹری داخلہ، نیب، ایف آئی اے، پولیس اور امیگریشن اتھارٹیز کو فیصلے سے آگاہ کریں۔ لطیف کھوسہ نے عدالت میں ٹکٹ پیش کیا کہ وہ 10 جنوری سے 24 جنوری تک کینیڈا جانا چاہتے ہیں۔عدالت نے ان کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کا 26 دسمبر کا نوٹیفکیشن آئندہ سماعت تک معطل کر دیا۔ عدالت نے لطیف کھوسہ کو ہائیکورٹ اور انسداد دہشت گردی عدالت میں شورٹی جمع کرانے کا بھی حکم دیا۔ کیس کی مزید سماعت چھ فروری تک ملتوی کر دی گئی ۔