اسلام آباد(صباح نیوز)سینیٹر اعظم نذیرتارڑ کا استعفیٰ منظور نہ ہوا، کل وزارت قانون کی ذمہ داریاں پھر سے سنبھالیں وفاقی وزرا پر مشتمل وفد نے لیگی رہنما سے ان کی رہائش گاہ پرملاقات کر کے وزیراعظم کے فیصلے سے آگاہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پارٹی کے مرکزی راہنما سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کا استعفی نا منظور کر دیا، وزیراعظم شہباز شریف کا پیغام لے کر وفاقی وزرا کے وفد نے اسلام آباد میں سینیٹر اعظم نزیر تارڑ سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ ، سردار ایاز صادق، خواجہ سعد رفیق اور وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب پر مشتمل وفد نے ملاقات کی، وفاقی وزرا کے وفد نے اعظم نزیر تارڑ کو وزیراعظم کے فیصلے سے آگاہ کیا۔
وزرا کے وفد نے وزیراعظم کے فیصلے سے آگاہ کیا کہ اعظم نزیر تارڑ وزیر قانون کے منصب پر ذمہ داریاں جاری رکھیں۔ اعظم نزیر تارڑ کے مستعفی ہونے پر سردار ایاز صادق کو وزیر قانون کی اضافی ذمہ داریاں سونپی گئی تھیں اور نوٹیفیکیشن جاری ہوا تھا۔ وزیراعظم شہباز شریف کی درخواست پر اعظم نزیر تارڑ بدھ کو وزیر قانون کی ذمہ داریاں پھر سے سنبھالیں گے۔ سینیٹر اعظم نزیر تارڑ نے 24 اکتوبر کو وزیر قانون کے عہدے سے استعفی دیا تھا۔