آئین و قانون پر عملدرآمد سے ہی ملک کی ترقی ممکن ہے، قمر زمان کائرہ

لالہ موسی(صباح نیوز):وزیر اعظم کے مشیر برائے امورِ کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ آئین و قانون پر عملدرآمد سے ہی ملک کی ترقی ممکن ہے، عمران خان کو مخالفین پر جھوٹے الزام لگانے کے علاوہ کچھ نہیں آتا ، وہ اب سہاروں کی بجا ئے ہمارا مقابلہ کریں، حکومت سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لارہی ہے ۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں حالیہ سیلاب سے ساڑھے تین کروڑ لوگ متاثر ہوئے،معیشت سے متاثر ہوئی تاہم حکومت اپنے وسائل سے سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کرنے کی کوشش کر رہی ہے، سیلاب کی وجہ سے ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ آئی لیکن حکومت اب جلد ترقیاتی کاموں کو انجام دے گی ۔

مشیر امور کشمیر نے کہا کہ روس اوریوکرائن کی جنگ اور دیگر عوامل کی وجہ سے دنیا بھر میں مہنگائی ہوئی اور پاکستان بھی اسکی زد میں آیا ، مشکلات کے باوجود ہم نے اپنی ذمہ داری بھر پور ادا کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ لالہ موسی میں مختلف ترقیاتی منصوبے شروع کر رہے ہیں ۔ سوئی گیس کی کمی کی وجہ سے نئے کنکشن دینے پر پابندی ہے ، امید ہے جلد ختم ہو جائیگی پھر علاقے کی عوام جنکو گیس کی سہولت میسر نہیں ان کو یہ سہولت مہیا کرنے کے لئے اقدامات کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ آئین و قانون پر عملدرآمد سے ہی ملک کی ترقی ممکن ہے ،عمران خان کو مخالفین پر جھوٹے الزام لگانے کے علاوہ کچھ نہیں آتا ۔

اپنے دور میں عمران خان نے سابق وزیر اعظم نوازشریف اور انکی فیملی پر جھوٹے مقدمات کے ذریعے ظلم کیا ، اسی طرح سابق صدر آصف علی ز رداری اور انکے فیملی ممبران کو بھی جھوٹے مقدمات کی بنا پر سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا ۔قمر زمان کائرہ نے کہا ہم نے جمہوریت کے لئے جدوجہد کی ہے جبکہ عمران خان جمہوریت کے لئے خطرہ ہے ۔افواج پاکستان نے واضح کردیا ہے کہ ادارے سیاست سے دور رہیں گے جبکہ عمران خان چاہتا ہے کہ ادارے اسکیلئے مداخلت کریں ، عمران خان اب سہاروں کی بجا ئے ہمارا مقابلہ کرے ۔

مشیر امور کشمیر نے کہا کہ اتنے قرض ہم نے تیس سالوں میں نہیں لیے جتنے عمران خان نیساڑھے تین سال میں لئے ۔ عمران خان کے ریکارڈ قرضوں کی وجہ سے ملکی معیشت پر اثر پڑا لیکن وہ الزام ہم پر لگا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان پر توشہ خانہ کا الزام لگا تو ڈیڑھ سال تک یہ شخص روکاوٹ بنا رہا۔اس شخص نے بیش قیمتی تحائف کو اونے پونے داموں بیچ ڈالا ۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ مشکل وقت میں ساتھ دینے پر لالہ موسی کی عوام کا شکر گزار ہوں جنہوں نے ہمیشہ ہمارا ساتھ دیا ۔۔۔۔۔