شازیہ مری کی موسمیاتی تبدیلی پر چھبیسویں سوشلسٹ انٹرنیشنل کانگریس کے اجلاس میں شرکت

اسلام آباد،میڈرڈ (صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ و چیئرپرسن بینظیر انکم سپوٹ پروگرام شازیہ عطا مری کی سوشلسٹ انٹرنیشنل (SI)  میڈرڈ سپین میں منعقدہ 26ویں کانگریس کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ اس موقع پر شازیہ مری نے کانگریس کے شرکا کو پاکستان میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے ہونے والی تباہی کاریوں سے آگاہ کیا۔

انہوں نے کانگریس کے مندوبین کو بتایا کہ سیلاب سے پاکستان کے 90 سے زائد اضلاع متاثر ہوئے، صوبہ سندھ اور بلوچستان سب سے زیادہ متاثرہ صوبے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سیلاب میں 33ملین افراد متاثر ہوئے اور 1700افراد جاں بحق ہوئے اور معیشت کو 40ارب ڈالر کا نقصان ہوا۔

  پاکستان کی مندوب وفاقی وزیر شازیہ مری کی بریفننگ کی روشنی میں سوشلسٹ انٹرنیشنل (SI) نے پاکستان کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جو موسمیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں حالیہ تباہ کن سیلاب سے شدید متاثر ہوئے ہیں۔

سوشلسٹ انٹرنیشنل کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ پاکستان کے عوام بالخصوص سب سے زیادہ غربت زدہ افراد کو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کا سامناہے جس کے لیے عالمی برادری کو پاکستان بھر پور حمایت و مدد ملتی رہنا چاہیے۔

اعلامیہ میں اس امر پر زور دیا گیا کہ عالمی موسمیاتی تبدیلی کے حوالہ سے انصاف پر مبنی ایک  ایسا لائحہ عمل طے کرے جس کے تحت تمام اقوام عالم کو موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات  سے بچانے میں متناسب مدد فراہم کی جا سکے۔