راولپنڈی (صباح نیوز)ملٹری کورٹ سے سزا پانے والے سانحہ 9 مئی کے 19 مجرمان کی سزائیں معاف کردی گئیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق سانحہ 9 مئی کی سزائوں پر عملدرآمد کے دوران مجرمان نے رحم اور معافی کی پٹیشنز دائر کیں، مجموعی طور پر67 مجرمان نے رحم کی پٹیشنز دائر کیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق 48 پٹیشنز کو قانونی کارروائی کے لئے کورٹس آف اپیل میں نظرثانی کیلئے ارسال کیا گیا، 19 مجرمان کی پٹیشنز کو خالصتا انسانی بنیادوں پر قانون کے مطابق منظور کیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دائر کی گئی دیگر رحم کی پٹیشنوں پر عملدرآمد مقررہ مدت میں قانون کے مطابق کیا جائے گا، ان مجرمان کو ضابطے کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد رہا کیا جا رہا ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ دیگرتمام مجرمان کے پاس بھی اپیل اور قانون اور آئین کے مطابق دیگر قانونی حقوق برقرار ہیں، سزائوں کی معافی ہمارے منصفانہ قانونی عمل اور انصاف کی مضبوطی کا ثبوت ہے، یہ نظام ہمدردی اور رحم کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے انصاف کی فراہمی کو یقینی بناتا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا کہ اپریل 2024 میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر 20 مجرمان کی رہائی کا حکم صادر کیا گیا تھا۔آئی ایس پی آر کے مطابق محمد ایاز ولد صاحبزادہ خان،سمیع اللہ ولد میرداد خان،لئیق احمد ولد منظور احمد،امجد علی ولد منظور احمد،یاسر نواز ولد امیر نواز خان،سعید عالم ولد معاذاللہ خان،زاہدخان ولد محمد نبی،محمد سلیمان ولد سعید غنی جان، حمزہ شریف ولد محمد اعظم، محمد سلمان ولد زاہد نثار، اشعر بٹ ولد محمد ارشد بٹ، محمد وقاص ولد ملک محمد خلیل، سفیان ادریس ولد ادریس احمد، منیب احمد ولد نوید احمد بٹ، محمد احمد ولد محمد نذیر، محمد نواز ولد عبدالصمد، محمد علی ولد محمد بوٹا، محمد بلاول ولد منظور حسین، محمد الیاس ولد محمد فضل حلیم کی سزا معاف کی گئی۔