وفاقی دارالحکومت میں مقامی حکومتوں کا نظام جلد لارہے ہیں، میئر کے انتخابات براہ راست ہوں گے، اسد عمر


اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہاہے کہ وفاقی  دارالحکومت میں مقامی حکومتوں کا نظام جلد لارہے ہیں، میئر کے انتخابات براہ راست ہوں گے، جنوری تک تمام شہریوں کو صحت کارڈ کی سہولت فراہم کردی جائے گی، مختلف سیکٹر میں 100ٹیوب ویل لگائے جارہے ہیں۔

اسلام آباد میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے اسد عمر نے کہاکہ اگلے  چند دنوں میں ٹینتھ ایونیو پر کام جلد شروع ہورہا ہے ، اسلام آباد کو جی ٹی روڈ سے منسلک کرنے کیلئے اقدامات کررہے ہیں، سری نگر ہائی وے پر فلائی اوور اور پل بنانے کا کام 18ماہ میں مکمل کرلیا جائے گا اس وقت تک آئی جے  پرنسپل روڈ کا کام بھی مکمل ہوچکا ہوگا۔

اس سے پہلے مارگلہ ایونیو کا کام بھی مکمل کرلیا جائے گا ۔ انہوں نے کہاکہ اسلام آباد میں اس بار پانی کا مسئلہ پیش آیا جون تک اسلام آباد کے مختلف سیکٹرز میں 100 ٹیوب ویل لگائے جارہے ہیں۔ اسلام آباد میں ہسپتالوں کے 2 نئے منصوبے شروع کرنے جارہے ہیں ۔

اسلام آباد کے تمام ترقیاتی کام اگلے ڈیڑھ سال تک مکمل کرلیں گے۔ پچھلے 30 سال سے اسلام آباد میں کوئی نیا سرکاری ہسپتال نہیں بنا جس کی وجہ سے پمز اور پولی کلینک میں رش بڑھ گیا ۔ آئندہ جنوری تک اسلام آباد کے رہائشیوں کو صحت کارڈ فراہم کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے 5 شہروں پر چند خاندانوں کی اجارہ داری رہی چند خاندان ترقی کرتے رہے اور پاکستان کمزور ہوتا گیا یہ لوگ لندن تو کیا پاکستان میں بھی جائیداد نہ ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں

وفاقی وزیر نے کہاکہ اسلام آباد میں مقامی حکومتوں کا نظام جلد لارہے ہیں۔ اسلام آباد میں براہ راست میئر کے انتخابات ہوں گے ۔

اسلام آباد کے میئر کو ترقیاتی کام کروانے کے تمام اختیارات ہوں گے ۔ ٹرانسپورٹ ماحولیات اور دیگر عوامی مسائل اب میئر حل کرے گا۔

انہوں نے کہاکہ  گزشتہ حکومتوں میں پاکستان کے مٹھی بھر خاندان ملک پر قابض رہے اب ایسا نہیں ہوگا۔ عوام کے پیسے  سے کوئی محل بنالیتا ہے تو کوئی لندن میں فلیٹس بناتا ہے ۔گوالمنڈی میں رہنے والوں کے اربوں  کے فلیٹس لندن، دبئی میں بن جاتے ہیں ۔

اسد عمر نے کہاکہ وزیراعظم  عمران خان کو اقتدار اپنے لئے نہیں بلکہ عوام کیلئے چاہیے۔ عمران خان فیکٹریاں  اور جائیدادیں  بنانے اقتدار میں نہیں آئے۔

کامیاب جوان پروگرام کے تحت لاکھوں نوجوانوں کو ہنر سکھایا جارہا ہے ۔ نوجوانوں کیلئے کامیاب جوان سپورٹس پروگرام لانچ ہونے جارہا ہے۔بلدیاتی انتخابات میں اختیارات نچلی سطح پر جائیں گے تو اب عوام طاقت ور ہونے جارہے ہیں۔